ڈاکٹر فیصل سلطان وزیراعظم کے فوکل پرسن برائے کووڈ 19 کے طور پر بھی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ اب انہیں معاون خصوصی برائے قومی صحت سروسز، ریگولیشنز اور کوآرڈینیشن مقرر کیا ہے۔ یہ عہدہ وفاقی وزیر کے برابر ہوگا۔
ان کا شمار وزیر اعظم عمران خان کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔ عمران خان کو ان کی صلاحیتوں پر اتنا اعتماد ہے کہ شوکت خانم ہسپتال کے علاوہ خیبر پختونخوا میں اپنے گزشتہ دور حکومت میں انہیں خیبر ٹیچنگ ہسپتال کے بورڈ آف گورنرز کا سی ای او تعینات کروایا تھا۔
ڈاکٹر فیصل گذشتہ کئی سالوں سے شوکت خانم میموریل ہسپتال کے چیف ایگزیکٹور آفیسر ہیں۔ وہ متعدی امراض کے ماہر ہیں۔ شوکت خانم ہسپتال کی ویب سائٹ پر موجود کوائف کے مطابق انہوں نے 1987 میں کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج لاہور سے ایم بی بی ایس کیا جبکہ 1992 اور 1994 میں امریکن بورڈ آف میڈیسن اور امریکن بورڈ آمتعد امراض سے پوسٹ گریجوایٹ ڈپلومے کیے۔
اس کے علاوہ وہ ڈپلومیٹ امریکن بورڈ آف انٹرنل میڈیسن (1992) اور ڈپلومیٹ امریکن بورڈ آف انفیکشیس ڈیزیز (1994) کی پوسٹ گریجویٹ کی ڈگریاں بھی رکھتے ہیں۔