Damson

آلو بخارے کے فوائد

EjazNews

گہرے سرخ اور سیاہی مائل آلو بخارے جب بازار میں اپنی بہار دکھا رہے ہوں تو انہیں دیکھ کر ہی منہ میں پانی بھر آتا ہے یہ ہمارے خطے کا ایک جانا پہچانا اور بہ افراط استعمال کیا جانے والا پھل ہے۔

گرمیوں میں جب میدانی علاقوں میں تیز دھوپ آموں کی فصل پکا کر تیاکر کر رہی ہوتی ہے تو اسی دوران کوہستانی علاقوں میں آلو بخارے کی فصل بھی تیاری کے آخری مراحل میں ہوتی ہے۔ میدانی علاقوں میں لوگ جامن اور فالسے کھا کر گرمی کی شکایت دور کر رہے ہوتے ہیں تو اس وقت پہاڑ علاقوں میں آلو بخارا یہی کردار نبھارہا ہوتا ہے اور جب یہ شہروں تک رسائی میں کامیاب ہوتا ہے تو دیگر دونوں پھلوں کی جگہ لے لیتا ہے۔ ماہرین کے مطابق آلو بخارے میں بے پناہ طاقت بھری ہوئی ہے جسے کھا کر انسان توانائی کے حصول میں کامیاب رہتے ہیں کیونکہ یہ خون بنانے کے ساتھ ہی دوران خون میں بہتری بھی پیدا کرتا ہے عام طور پر اس میں ترشی کا عنصر غالب ہوتا ہے لیکن خوب اچھی طرح پکے ہوئے آلو بخارے شیریں یا کھٹ مٹھے بھی ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  غذا اور صحت:انار کھائیں بھوک لگائیں

دوران خون کی بہتری میں معاون آلو بخارے کے ان گنت فوائد ہیں وہ افراد جو خون کی کمی کا شکار ہوں، ان کی رنگت پھیکی یا زرد رہتی ہو انہیں بھوک کھل کر نہ لگتی ہو ، کھانا اچھی طرح ہضم ہونے میں دشواری ہو، کام کاج اور کھیل کود میں دل نہ لگتا ہو اور دل زور زور سے دھڑکنے جیسی کیفیت رہتی ہوتو صرف آلو بخارا کھا کر ان تمام پریشانیوں سے نجات مل سکتی ہے۔ ایسے افراد کو ہمارا مشورہ یہ ہے کہ وہ ہر روز صبح تازہ اور دھلے ہوئے دس سے بارہ آلو بخارے خوب چبا کر کھائیں اور پھر سیریا چہل قدمی کے لئے نکل جائیں۔ چند روز کے بعد وہ خود کو صحت مند اور طاقتور محسوس کریں گے ، انہیں بھوک بھی کھل کر لگے گی اور چہرے پر جھلکتی سرخی واضح ہوگی۔ آلو بخارا بھی آڑو کی طرح آنتوں کے افعال میں درستگی پیدا کرتا ہے۔ آنتوں کی سست دور ہو جاتی ہے تو جسم میں موجود خراب اور فاسد مادے خارج ہونے لگتے ہیں اورخون صاف ہو جانے سے چہرہ شاداب نظر آنے لگتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کدو : بے شمار افادیت کی حامل سبزی

آلو بخارا اپنی ترشی کی وجہ سے متلی اور قے کی کیفیت میں بھی تیر بہدف علاج ہے اور آلو بخارا کھاتے ہی متلی رفو چکر ہو جاتی ہے۔ اسے کھانے سے پیاس کی شدت میں کمی واقع ہو جاتی ہے جبکہ موسم ختم ہو جانے پر خشک آلو بخاروں سے بھی یہی کام لیا جاسکتا ہے۔ آلو بخارے کا شربت انتہائی ذائقہ دار، مفرح اور تسکین قلب و جان ہو تا ہے جسے بچے اور بڑے شوق سے پیتے ہیں۔ اگر تازہ آلو بخارے دستیاب نہ ہوں تو چھ یا سات خشک آلو بخارے رات کوگرم پانی میں بھگو کر رکھ دیں اور صبح انہیں اچھی طرح مسل کر اور چینی شامل کر کے شربت بنائیں اور پی جائیں اور دل چاہے تو ویسے ہی چند دانے دھو کر منہ میں ڈالیں اور چوستے رہیں۔ بلند فشار خون کے لئے بھی یہ پھل اہمیت کا حامل ہے ، گھر میں کوئی زائد العمر فرد اگر بلڈ پریشر میں مبتلا ہے تو چنداں فکر کی ضرورت نہیں۔ خشک آلو بخاروں کے ساتھ خشک پودینہ اور سونف کوٹ کر (تین، تین گرام کی مقدارمیں) گرم پانی میں رات بھر بھگوئیں اور صبح یہ پانی مریض کو پلا دیں تو چند روز میں بڑا فائدہ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  آلو کے فوائد

آلو بخارا ایک پھل کی صورت میں تو کھایا جاتا ہی ہے مگر اس کی چٹنی، جام اور مار ملیڈ بھی تیار کیا جاتا ہے جسے لذت اور ذائقے کے اعتبار سے اہمیت حاصل ہے۔ سوکھے ہوئے آلو بخارے کھانوں کے مختلف ڈشوں میں اور ادویات کی تیاری میں بھی استعمال ہوتے ہیں مگر عام طور پر یہ بریانی میں بڑا مزہ دیتے ہیں اور جن لوگوں نے گوشت کے ساتھ آلو بخارے کی ڈش کا تجربہ کیا ہوا ہے وہی جان سکتے ہیں کہ اس کی اصل لذت کیا معیار ہوتا ہے۔
ہمارا مختصر مشورہ تو یہ ہے کہ آلو بخارے کھائیں، جان بنائیں اور لذت بھی اپنائیں۔