PCB_Greeb

پی سی بی نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے کنٹریکٹ میں 31جولائی تک توسیع کردی

EjazNews

پاکستان کرکٹ بورڈ نے تمام ڈومیسٹک کرکٹرز اور کوچز کے کنٹریکٹ میں ایک ماہ کی توسیع کردی ہے۔ 30جون کو ختم ہونے والے کنٹریکٹ میں 31جولائی تک توسیع کی گئی ہے۔ تمام کھلاڑیوں اور کوچز کا12 ماہ پر مشتمل آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے شروع ہوگا۔
کنٹریکٹس میں توسیع کا فیصلہ شعبہ ہائی پرفارمنس کی جانب سے کیا گیا ہے۔ شعبہ ہائی پرفارمنس ان دنوں تمام ڈومیسٹک کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لے رہا ہے۔ یہ عمل آئندہ ماہ کے آغاز میں مکمل ہوجائے گا جس کے بعد 6 کرکٹ ایسوسی ایشنز کے حتمی اسکواڈز کا اعلان جولائی کے آخر میں کردیا جائے گا۔
سیزن 2019-20میں پی سی بی نے 192 ڈومیسٹک کھلاڑیوں کو کنٹریکٹ کی پیشکش کی تھی جس میں سے186 کھلاڑیوں نے کنٹریکٹ قبول کرلیے تھے۔
اس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کےڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا تھا کہ ایک جامع اور وسیع ترین عمل کے تحت تمام کوچز کی کارکردگی کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ کارکردگی جانچنے کا یہ عمل تین مختلف حصوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس میں خود اپنا محاسبہ، انٹرویوز، کھلاڑیوں اور ساتھی کوچز کی آراء شامل ہیں۔
ندیم خان نے مزید کہا پیشہ ور افراد کی کارکردگی جانچنے کا یہ ایک جدید طریقہ کار ہے۔ ہم ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین دستیاب کوچز لگانے کے خواہشمند ہیں ۔تاکہ وہ ہمارے کھلاڑیوں کی کارکردگی میں نکھار ڈالنے کے ساتھ ساتھ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار میں بھی بہتری لانے کا سبب بنیں۔جیسے ہی تمام کوچز کی کارکردگی جانچنے کا یہ طریقہ کار مکمل ہوجائے گا ویسے ہیں چھ کوچز، کرکٹ ایسوسی ایشنز کی ٹیموں کی تشکیل کے عمل کا آغاز کردیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا وہ پرامید ہیں کہ یہ تمام عمل جولائی کے آخر میں مکمل ہوجائے گا اور ڈومیسٹک کرکٹ کا آئندہ سالانہ کنٹریکٹ یکم اگست سے نافذ العمل ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:  دیکھتے ہیں نیب آزاد ادارہ ہے یا نہیں، ہم جلد دیکھیں گے:بلاول بھٹو زرداری