shahzad viliam

برطانوی شاہی مہمان 14سے 18اکتوبر تک پاکستان میں رہیں گے

EjazNews

برطانوی شاہی مہمان شہزادہ ولیم اور شہزادی کیٹ میڈلٹن پاکستان کے پانچ روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنرتھامسن ڈریونے کا ٹویٹر پرلکھا ہے کہ شاہی دورے کے دوران شاہی جوڑا پاکستان کے مختلف علاقوں میں جائے گا۔
برطانوی شاہی جوڑا 15اکتوبر کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقاتیں کرے گا۔جس میں دوطرفہ ملکی امور پر تبادلہ خیال ہوگا، مہمان تاریخی مقامات کی سیر بھی کریں گے۔اس کے ساتھ ساتھ شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ کیٹ میڈلٹن 15 اکتوبر کو ایک سکول کا بھی دورہ کریں گے۔
ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے بڑے پوتے اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ شہزادی کیٹ مڈلٹن 14 تا 18 اکتوبر تک پاکستان کا دورہ کریں گے۔
برطانوی شہزادہ اورشہزادی16اکتوبر کو لاہور جائیں گے جس کے بعد شاہی مہمان ایس او ایس کا بھی دورہ کریں گے۔ذرائع دفتر خارجہ کے مطابق برطانوی شاہی جوڑا بادشاہی مسجد کا دورہ بھی کرے گا جس کے بعد وہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی بھی جائیں گے اور 17 اکتوبر کو شہزادہ ولیم کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ چترال جائیں گے ۔جس کے باشندوں کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ سکندر اعظم کی نسل میں سے ہیں۔
شہزادہ ولیم، شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کے بڑے بیٹے ہیں اور انہیں پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے دورے کی دعوت دی گئی تھی۔ان کی والدہ بھی پاکستان آئیں تھیں اور اس وقت موجودہ وزیراعظم کے ساتھ ان کے دوستانہ تعلقات تھے۔

یہ بھی پڑھیں:  جے یو آئی(ف) میں ایک آدھ کو چھوڑ کر سب پر امن لوگ ہیں:وزیر داخلہ