women islami

اسلام میں عورتوں کا مقام

EjazNews

عورت خدا کی نشانیوں میں سے ایک نشانی ہے اس کے متعلق اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
ترجمہ: ”اور اللہ کی نشانیوں میں سے ایک نشانی یہ بھی ہے کہ اس نے تمہاری جنس کی بیویاں بنائیں تاکہ تم کو ان سے آرام ملے اور تم میاں بیوی کے درمیان اس نے محبت اورہمدردی پیدا کی ہے۔ “ (سورہ الروم)
ترجمہ: ”اے لوگوں ہم نے تم کو ایک مرد اور ایک عورت سے پیدا کیا ہے اور بنایا ہم نے تم کو کنبے اور قبیلے ،تاکہ ایک دوسرے کو پہچان سکو۔ یقینا سب سے زیادہ بزرگ اللہ کے نزدیک وہ ہے جو سب سے زیادہ پرہیز گار ہو بیشک اللہ تعالیٰ سب کچھ جاننے والا اور خبر رکھنے والا ہے۔ “(سورہ حجرات)
ترجمہ: ” اے لوگو تم اپنے اس رب سے ڈرتے رہو جس نے تم کو ایک جان سے پیدا کیا اور اسی سے اس کی بیوی کو بھی پیدا کیا۔ اور پھر ان دونوں سے بہت سے مردوں عورتوں کو پھیلا یا اور اللہ سے ڈرتے رہو جس کے وسیلہ سے تم ایک دوسرے سے سوال کرتے ہو اور رشتہ کاٹنے سے بھی ڈرو یقینا اللہ تمہارے اوپر نگہبان ہے۔ (سورہ النساء)
ان آیتوں میں انسانی حقوق و مساوات کو بتایا گیا ہے کہ تم سب ایک شخص حضرت آدم علیہ السلام سےپیدا ہوئے جو سب کے باپ ہیں اور حضرت حواعلیہا السلام سےپیدا ہوئے ہو جو سب کی ماں ہیں۔ سب کا ایک ہی خاندان اور ایک ہی نسل ہے اس خاندانی حیثیت سے کسی کو کسی پر فوقیت نہیں ہے۔
نیک عورتوں کا مقام :
نیک عورتوں کا اونچا مقام ہے قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے:
ترجمہ: ” اور جو ایماندار نیکی کرے خواہ وہ مرد ہو یا عورت تو وہ جنت میں داخل ہوں گے اور کھجور کی گٹھلی کے برابر بھی ان پر ظلم نہیں کیا جائے گا۔ “ (سورہ النساء)
ترجمہ: ”جو مرد یا عورت ایمانداری کے ساتھ نیک کام کرے تو ہم اس کو اچھی زندگی دیں گے اوران کے عملوں کا اچھا بدلہ عطا کریں گے۔ “ (سورہ النحل)
ترجمہ: ”اور جو کوئی مرد یا عورت اچھا کام کرے ایمان کیساتھ تو ایسے لوگ جنت میں داخل ہوں گے اور وہاں بے حساب روزی پائیں گے۔ “(سورہ المومن)
ترجمہ: ”اور مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں ایک دوسرے کے مددگار ہیں اچھی بات سکھاتے ہیں اور بری بات سے منع کرتے ہیں اور نماز کو درستگی کے ساتھ ادا کرتے ہیں اورزکوٰة دیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول کا حکم مانتے ہیں ۔یہی لوگ ہیں جن پر اللہ ضرور رحم کرے گا۔ بے شک اللہ زبردست ہے حکمت والا ۔ مسلمان مرد اور مسلمان عورتوں کیلئے اللہ نے ان باغوں کا وعدہ فرمایا ہے جن کے تلے نہریں بہہ رہی ہیں وہ ہمیشہ اس میں رہیں گے اور جنت العدن میں رہنے کیلئے عمدہ مکانوں کا سب نعمتوں سے بڑھ کر خدا کی رضامندی ہوگی یہی بڑی کامیابی ہے۔ “ (سورة التوبہ)
ترجمہ: ”تحقیق مسلمان مرد اور مسلمان عورتیں اور مومن مرد اور مومن عورتیں اور فرمانبردار عورتیں اور سچ بولنے والے مرد اور سچ بولنے والی عورتیں اور صبر کرنے والے مرد اور صبر کرنے والی عورتیں۔ اور اللہ سے ڈرنے والے مرد، اور اللہ سے ڈرنے والی عورتیں اور خیرات کرنے والے مرد اور خیرات کرنے والی عورتیں اور روزہ رکھنے والے مرد اور روزہ رکھنے والی عورتیں اوراپنی شرم گاہوں کو (گناہ سے) بچانے والے مرد اور بچانے والی عورتیں اور اللہ کو بہت یاد کرنیوالے مرد اور یاد کرنیوالی عورتیں ۔ ان سب کے لئے اللہ تعالیٰ نے بخشش اور بڑا ثواب تیار کر رکھا ہے۔ “ (سورہ الاحزاب)

یہ بھی پڑھیں:  ریاست مدینہ کے سنہری اصول