Suji-Ka-Shahi-Halwa

سوجی کا حلوہ

EjazNews

سوجی کا حلوہ بنانے کیلئے آپ کو چاہئے:
سوجی ایک پاﺅ، چینی آدھا کلو، گھی ایک پاﺅ، بادام ایک چھٹانک، پستہ چوتھائی چھٹانک، سبز الائچی چھ عدد، کیوڑہ تھوڑا سا۔
اب حلوہ تیار کرتے ہیں:
ایک دیگچی میں گھی ڈال کر چولھے پر چڑھا دیں اور سبز الائچی کے دانے نکال کر اس میں ڈال دیں۔ گھی کڑ کڑا جائے تو اس میں سوجی ڈال دیں اور چمچہ اچھی طرح چلا کر آگ ہلکی کردیں ہلکی آگ پر سوجی کو بھونیں جب خوشبو آنے لگے تو دیگچی اتار کر نیچے رکھ لیں۔ کسی دوسری دیگچی میں آدھ سیر چینی اورتین پاﺅ پانی ڈال کر چولھے پر چڑھا دیں اور چاشنی بنا لیں۔ چینی پر جو میل آئے وہ کفگیر سے اتار کر پھنکتی جائیں۔ چاشنی تیار ہوجائے تو نیچے اتار کر اس کو سوجی والی دیگچی میں ڈال دیں اور اچھی طرح ملا کر دوبارہ چولھے پرچڑھا دیں ۔ اور ہلکی آگ پر پکنے دیں۔ حلوہ جب گاڑھا ہو جائے تو چمچہ چلاتی رہیں۔
اب بادام چھیل کر ڈال دیں ۔ ساتھ ہی کیوڑہ بھی ڈال دیں۔ حلوہ گھی چھوڑ دے تو نیچے اتار لیں اور پستہ باریک کتر کر اوپر چھڑک دیں۔
بہت مزدار حلوہ تیار ہے۔
گرم گرم کھانے کے لیے پیش کریں۔ اس حلوے میں آپ ہلکا زردہ رنگ بھی ڈال سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  بیسن کے لڈو بنانے کی ترکیب

دوسری ترکیب
اجزائ: سوجی ایک پاﺅ، میدہ آدھ چھٹانک، کھویا ایکچھٹانک، چینی آدھ سیر یا حسب پسند، سبز الائچی چھ عدد، کیوڑہ تھوڑا سا، بادام آدھ چھٹانک، کشمش چوتھائی چھٹانک، زعفران آدھا ماشہ، گھی ایک پاﺅ۔
ترکیب:
ایک دیگچی میں گھی ڈال کر چولھے پر چڑھا دیں اور سبز الائچی کے دانے نکال کر ڈال دیں۔ جب خوشبو آنے لگے تو سوجی ڈال دیں اور سوجی کو بھون لیں۔ سوجی کا رنگ بادامی ہو جائے تو میدہ ڈال دیں اوربھونیں ۔ جب سوجی اچھی طرح بھن جائے تو چینی کا قوام بنا کر ڈال دیں۔ تھوڑی دیر بعد کھویا بھی ڈال دیں اور چمچے سے برابر ہلاتی جائیں۔
آگ ہلکی کر دیں۔
حلوہ جب گاڑھا ہونے لگے تو بادام، پستہ اور کشمش ڈال دیں۔ زعفران کو ہلکا سا سینک کر مل لیں اور تھوڑے سے گرم دودھ میں بھگو دیں۔ حلوہ گھی چھوڑنے لگے تو زعفران چھڑک دیں اور پکنے دیں۔ حلوہ پورا گھی چھوڑ دے تو کیوڑہ چھڑک کر اتارلیں۔
نہایت لذیذ حلوہ تیار ہے۔گرم گرم نوش فرمائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  انڈوں کا حلوہ