Earth

آزاد کشمیر سمیت مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

EjazNews

اسلام آباد ، لاہور، پشاور اور آزادکشمیر سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔کشمیر کے علاقے میر پور، بھمبر ، کوٹلی باغ، رام ولا کوٹ، ہٹیاں اور وادی نیلم میں بھی جھٹکے محسوس ہوئے ہیں۔ تا حال کسی قسم کے بڑے نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔

ترجمان پاک فوج نے بھی ایک ٹویٹ کیا ہے جس میں انہوں نے لکھا ہے کہ چیف آف آرمی سٹاف نے سول انتظامیہ کی مدد کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ فضائی اور طبی سہولیات والے دستوں کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق 100سے زائد لوگ اس سلسلے میں زخمی ہوگئے ہیں اور 3 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

جبکہ زلزلے کے جھٹکے انڈیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔ انڈیا میں مقبوضہ کشمیر، پنجاب، اور دہلی میں زلزلے کے جھٹکوں کو محسوس کیا گیا ہے

یہ بھی پڑھیں:  23مارچ کو ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد پاکستان آئیں گے

زلزلہ پیما مرکز کے مطابق میرپور میں3.2شدت کے آفٹر شاکس محسوس کیے گئے جس سے لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔آزاد کشمیر کی انتظامیہ کے مطابق زلزلے میں اب تک 30 افراد جاں بحق اور 3سو سے زائد زخمی ہوئے۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 خواتین اور ایک بچی بھی شامل ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ جن کے گھر تباہ ہو گئے ہیں ان کو محفوظ مقامات پر منتقل کر رہے ہیں،معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا جبکہ شدید زخمی علاج کے لیے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ وہاں پر متعدد سڑکوں میں بڑے بڑے شگاف پڑ گئے ہیں اور متعدد گاڑیاں ان میں الٹ گئی ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے متاثرہ علاقے میں ریلیف کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کو ہر قسم کی معاونت کی فوری فراہمی کی ہدایت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیدی

اپنے ٹوئٹ میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ زلزلے اور اسکے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع کا جان کر دل نہایت مغموم ہے۔ میں متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتا ہوں اور زخمیوں کی جلد شفایابی کیلئے دعا گو ہوں۔ نقصانات کے تخمینے اور متاثرین کیلئے فوری اور تیز امداد یقینی بنانے کیلئے میں اپنی حکومت کو بھی ہدایات دے چکا ہوں۔