Cookies home made

میٹھے بسکٹ بنانے کا طریقہ

EjazNews

میٹھے بسکٹ بنانے کیلئے آپ کو چاہئے: میدہ اعلیٰ قسم کا ایک پائو، گھی تین چھٹانک، چینی تین چھٹانک، دودھ کھانے والے دو چمچ، بیکنگ پائوڈر چائے والا آدھ چمچہ، انڈے دو عدد۔
اب اس کو پکانا شروع کر تے ہیں۔
انڈوں کو کانٹے کی مدد سے خوب پھینٹ لیں۔ گھی اور چینی کو ملا کر خوب پھینٹیں۔ جھاگ اٹھنے لگے تو چھوڑ دیں۔ انڈوں میں میدہ، دودھ اور بیکنگ پائوڈر ڈال کر خوب اچھی طرح ملا لیں۔ گھی اور چینی والا مرکب بھی میدے میں ڈال دیں اور اتنا پھینٹیں کہ سب چیزیں یکجان ہو جائیں۔ اس مرکب کو دس منٹ اسی طرح پڑا رہنے دیں۔ دس منٹ بعد اس آٹے کی چھوٹی چھوٹی ٹکیاں بنا لیں۔
اب اگر آپ کے پاس اوون ہے تو ٹھیک ورنہ ہم پہلے بھی آپ کو بتا چکے ہیں کہ اوون کے بغیر بسکٹ کیسے تیار کیے جاتے ہیں۔
اگر آپ کے پاس اون ، بھٹی یا تنور نہیں ہے تو آپ مندرجہ ذیل دو طریقوں سے بسکٹ تیار کر سکتی ہیں۔
کوئی چوڑے پیندے والا پتیلا لے کر اس کو اوپر سے ڈھکنے کے لیے ایک پتیل یا تانبے کی پرات لے لیں۔ اس پتیلے کو آگ پر خوب گرم کر کے اس میں بسکٹ والی ٹرے یا پلی رکھ دیں اور اوپر پرات سے ڈھک دیں۔ پتیلے کے نیچے اور پرات کے اوپر کوئلے ڈال دیں۔
آگ بہت تیز نہیں ہونی چاہئے۔ تھوڑی تھوڑی دیر بعد پرات اٹھا کر دیکھ لیں۔ بسکٹ بادامی رنگ کے ہو جائیں تو نکال لیں۔
دوسری ترکیب : ایک بڑی دیگچی میں گرم راکھ پھیلا دیں اور اس میں تین چھوٹے چھوٹے ہموار پتھر رکھ دیں۔ ان پتھروں پر بسکٹ والی تھالی جو آسانی سے دیگچی میں آجائے رکھ دیں۔ اور دیگچی کا ڈھکنا بند کردیں۔ نیچے مدھم آگ جلا دیں۔ آگ چاروں طرف جانی چاہئے۔ دس پندرہ منٹ بعد بسکٹ تیار ہو جائیں گے۔ تھالی کو نہایت احتیاط سے دیگچی سے نکال لیں اور جب ٹھنڈے ہو جائیں تو لذیذ بسکٹ نوش فرمائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  شوگر فری بسکٹ بنانے کا طریقہ