Cake-home-made

سادہ کیک گھر میں تیار کریں

EjazNews

کیک بنانے کیلئے آپ کو چاہئے : میدہ ایک چھٹانک، مکھن یا گھی ایک چھٹانک، چینی ایک چھٹانک یا حسب پسند ، انڈے دو عدد، بیکنگ پاﺅڈر چائے والا ایک چمچہ۔ پیکنگ موٹاکاغذ حسب ضرورت۔
چلئے اب کیک بناتے ہیں:
انڈوں کی زردی اور سفیدی کو الگ الگ کرلیں اور کانٹے کی مدد سے دونوں کو الگ الگ اتنا پھینٹیں کہ جھاگ سی بن جائے۔چینی کو باریک پیس کر چھان لیں ۔مکھن اور چینی کو ملا کر اتنا پھینٹیں کہ دونوں چیزیں یکجان ہو جائیں۔
میدے میں بیکنگ پاﺅڈر اچھی طرح ملا کر چھلنی میں چھان لیں اور میدے کو چینی اور مکھن والے مرکب میں ڈال دیں۔ انڈوں کی زردی بھی ڈال دیں۔ اور اس مرکب کو اتنا پھینٹیں کہ سب چیزیں خوب مل کر یکجان ہو جائیں ۔ سب چیزیں مل جائیں تو انڈوں کی سفید بھی ملا لیں۔
اب ایک پاﺅنڈ والے سانچے میں چاروں طرف اور پیندے میں پیکنگ کاغذ لگا کر کاغذ کے اوپر تھوڑا سا مکھن مل دیں تاکہ کیک کاغذ کے ساتھ نہ چپکے۔
تیار کیا ہوا مرکب سانچے میں ڈال دیں اور سانچے کو اوون میں رکھ دیں۔ کیک 10 منٹ میں پک جائے گا ۔ باہر نکالنے سے پہلے سلائس یا کوئی تنکا کیک میں چھبو کر دیکھیں ،اگر کوئی چیز سلائی کے ساتھ نہ لگے تو سمجھ لیں کیک تیار ہے۔ اگر سلائی کے ساتھ کچھ مرکب لگ جائے تو کچھ دیر اور بیک کریں۔جن بہنوں کے پاس اوون نہیں ہے وہ گھر میں موجودپریشر ککر کو بھی بطور اوون استعمال میں لا سکتی ہیں۔
یہ بات ذہن نشین رکھنے کی ہے کہ کیک کا مرکب تیار کر کے اس کو زیادہ دیر نہیں رکھنا چاہئے۔ زیادہ دیر پڑا رہنے سے مرکب خراب ہوجاتا ہے۔
اب چاہئے مہمانوں کو پیش کریں یا گھر میں چائے کے ساتھ نوش کریں۔

یہ بھی پڑھیں:  ڈارک چاکلیٹ کیک