عید مبارک کے میسج ہر جانب سے آ رہے ہیں۔ میرے ایڈیٹر صاحب چیخ رہے تھے ویب سائٹ کیلئے عید مبارک کا پیغام لکھو۔ لیکن میں جیسے ہی عید مبارک لکھنے کیلئے قلم اٹھاتا تو آنکھ آنسوئوں سے بھر جاتی۔ ہاتھ میں کپکپی طاری ہو جاتی اور قلم چلنے کا نام ہی نہیں لے رہی تھی۔ کیسے میں عید مبارک لکھوں جبکہ میری بہنیں میرے بھائی میرے بزرگ میرے بچے سب خون کے آنسو رو رہے ہیں۔ تو کیسے لکھوں میں عید مبارک جبکہ میرے لوگ اپنی ہی زمین میں قیدی ہیں۔ میرے لوگ اپنے ہی گھروں میں پابند سلاسل کر دئیے گئے ہیں۔ جہاں ان کی عزتیں اور جانیں سب کچھ غیر محفوظ ہیں۔
