Kashmir-want-freedom

مقبوضہ کشمیر 2018ء میں کیسا تھا؟

EjazNews

مقبوضہ کشمیر میں 2018ء میں میں صورتحال کیا تھا اور اس میں رونما ہونے والے حقائق کا احاطہ ہماری اس رپورٹ میں احاطہ کیا گیا ہے۔ جس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قتل، تشدد، جبری اغوا، تذلیل، ہراس، جنسی بدسلوکی، زنابالجبر، غیر قانونی گرفتاریاں، مظاہرے، ماتم، ناکے، چھاپے، پولیس مقابلے اور جلاؤ گھیراؤ زندگی کا روزمرہ کا معمول بن چکا ہے۔ اس دوران آزادی کا مطالبہ کرنے والے کارکن کو کچلنے کے لیے 7لاکھ انڈین ریاستی اہلکارتھے۔ قوم پرستی اور مذہب پرستی کے نام پر مفاد پرستی کے چلن نے جنوبی ایشیا کو دنیا کا خطرناک ترین خطہ بنا ڈالا ہے۔
اس رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر کیلئے2018 ء کو اس دہائی کا مہلک ترین برس قرار دیا گیا ہے۔ اس برس 586 افراد جن کو شہید کیا جن میں آزادی کا مطالبہ کرنے والے بھی تھےجبکہ بھارت کی مسلح افواج اور پولیس کے159 اہلکار ہلاک ہوئے۔ اس سال بھارتی سیکورٹی کے اداروں کی کارروائی کے نتیجہ میں آزادی کے متوالوں کی شہادتیں 267 تھیں جبکہ 2016میں 145اور2017 میں108آزادی کے متوالوں کوشہید کیا گیا ۔مسلح ہو کر آزادی مانگنے والوں کے سیاسی کارکن بھی تھے، سماجی کارکن بھی، پولیس اور فوجی اہلکاروں کی ہلاکتیں بھی۔ فریقین کے اہل خانہ پر ٹارگٹ حملوں کے واقعات بھی ہوئے۔ انہی میں دو ایسے افراد بھی شامل تھے جن کا دماغی توازن درست نہ تھا۔
2018ء میں 160عام شہری بھی شہید ہوئے، ان میں 71 مسلح افواج کے ہاتھوں، 29 کنٹرول لائن پر گولہ باری کے باعث، 25 نامعلوم افراد کا نشانہ بنے، 10 بم دھماکوں میں ، ایک شہری پتھراؤ کے نتیجہ میں، ایک کو سکیورٹی گارڈ نے قتل کر دیا اور ایک 8سالہ بچی کو جموں و کشمیر پولیس کے سپیشل افسروں نے زنابالجبر کا نشانہ بنانے کے بعد شہید کر دیا۔ رپورٹ کے مطابق 2008سے 2018 کے دوران 1081عام شہری شہید ہوئے۔
پیلٹ گن کا استعمال
رپورٹ میں دئیے گئے اعداد و شمار کے مطابق یکم مئی سے 9 مئی کے دوران 115 افراد کو مہاراجہ ہری سنگھ ہسپتال میں پیلٹ گن یا چھرے والی بندوقوں اور دیگر ہتھیاروں سے لگے زخموں کی سبب داخل کیا گیا۔ ان میں 74 کو پیلٹ گن کے چھرے لگے تھے جن میں 60 کو آنکھوں میں زخم آئے تھے۔ ہسپتال کے ایک سرجن کے مطابق، سکیورٹی فورسز کے اہلکار مظاہرین کے سینوں، گردن، سروں اور پیٹ پر فائرنگ کرتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ انکی پہلی کوشش یہ ہوتی ہے کہ مظاہرین کو قتل یا اندھا کیا جائے۔ 2016 ءسے اب تک پیلٹ گن سے 1253 افراد اندھے ہو چکے ہیں اور ان میں 61 ایسے تھے جن کی دونوں آنکھیں ضائع ہوئیں۔ ان میں بیشتر نوجوان اور بچے تھے۔ 25 نومبر کو شوپیاں میں ایک 19 ماہ کی بچی پیلٹ گن کے چھروں کا نشانہ بنی۔
پبلک سیفٹی ایکٹ
رپورٹ میں مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے، پبلک سیفٹی ایکٹ جیسے قوانین کے تحت، قانون سے بالادست اختیارات کا تذکرہ تفصیل سے کیا گیا ہے۔ 2018 میں مسلح اداروں کی جانب سے ریاستی طاقت کے بے جا استعمال کے 191 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ گھیراؤ اور تلاشی کے 275 آپریشن کیے گئے جس دوران 143 مقابلوں میں267 مجاہد شہید ہوئے۔ گھروں کو جلانے اور توڑ پھوڑ کے 120 واقعات ہوئے جن میں 31 گھروں کو مکمل طور پر نذرآتش کر دیا گیا اور 94 کو معمولی نقصان پہنچا۔ اس قانون کے تحت معروف سیاسی راہنما مسرت عالم بھٹ کو سینتیسویں مرتبہ گرفتار کیا گیا۔ بھارتی عدالت ہر مرتبہ انکی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتی ہے لیکن اس کے باوجود وہ گزشتہ گیارہ برسوں میں دس برس جیل میں گزار چکے ۔
جون کے مہینہ میں بھارتی حکومت نے پبلک سیفٹی ایکٹ کے سیکشن 10 میں ترمیم کرتے ہوئے گرفتار کشمیریوں کو کشمیر سے باہر رکھنے کی اجازت دے دی جس کے تحت اس وقت 40 سے زائدکشمیری، کشمیر سے باہر قید ہیں۔ بھارتی ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے دائر کردہ اپیل عدالتی مراحل میں ہے۔ رپورٹ کے مطابق، سینکڑوں سیاسی کارکنوں اور عام شہریوں کو نظربند یا گرفتار کیا گیا ہے۔ شہریوں کو تفتیش کے لیے تھانوں یا فوجی کیمپوں میں بلانا، اور کئی دنوں تک انہیں ہراساں کرنا ایک معمول کی بات ہے۔
لاپتہ افراد اور اجتماعی قبریں
2018 میں تین افراد لاپتہ ہوئے، جو بعد ازاں مردہ پائے گئے۔ رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر میں اب تک 8000 افراد لاپتہ ہو چکے ہیں۔ اسی طرح کشمیر کے مختلف علاقوں، پونچھ، راجوڑی، بارہ مولا، باندی پورہ اور کپواڑہ سے دریافت ہونے والی اجتماعی قبروں کا معاملہ بھی جوں کا توں ہے۔ کشمیر کے انسانی حقوق کمیشن نے ڈی این اے ٹیسٹوں، کاربن ڈیٹنگ اور دیگر جدید طریقوں کی مدد سے مدفون افراد کی شناخت طے کرنے کا مطالبہ کیا ہے مگر اس پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق اب تک 7000 سے زائد بے شناخت اور اجتماعی قبریں دریافت ہو چکی ہیں۔ فروری میں انسانی حقوق کے عالمی ایوارڈ یافتہ کارکن پرویز امروز کی سربراہی میں’’ تنظیم والدین لاپتہ افراد ‘‘کے وکلا کو اجتماعی قبروں کے مقامات پر جانے کی ممانعت کر دی گئی۔
اظہار رائے اور صحافت پر قدغن
رپورٹ کے مطابق2018میں سینئر صحافی اور معروف اخبار رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر انچیف، شجاعت بخاری کو شہیدکر دیا گیا۔ یہ اندوہناک واقعہ اس دن پیش آیا جب اقوام متحدہ نے بھارتی مسلح افواج کی جانب سے کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں پر شدید تنقید پر مبنی رپورٹ جاری کی۔ اسی طرح آسیہ اندرابی کا انٹرویو کرنے پر صحافی عاقب جاوید کو طلب کیا گیا اور ہراساں کیا گیا۔ 2018 میں بھی غیرملکی صحافیوں کے لیے کشمیر میں سفر کے لیے خصوصی اجازت لازم قرار پائی۔ اسی طرح کشمیر کی صورتحال پر ایک دستاویزی فلم دکھانے کی پاداش میں الجزیرہ ٹی وی کو سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی گئی۔ صحافی آصف سلطان کو یہ کہہ کر گرفتار کیا گیا کہ وہ اپنے گھر میں دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے۔ اس کی گرفتاری کے خلاف صحافیوں کی عالمی تنظیموں نے احتجاج اور اپیلیں کیں۔
رپورٹ میں سوشل میڈیا پر عائد قدغنوں کا بھی تفصیل سے ذکر کیا گیا ہے۔ ریاستی اداروں کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس، موبائل فون، لیپ ٹاپ وغیرہ کی نگرانی خطرناک حد تک پہنچ چکی ہے جہاں انفرادی خلوت اور پرائیویسی کا حق سکیورٹی کے خبط کی نذر ہو چکا ہے۔ حکومت 500 کروڑ کی لاگت سے سی سی ٹی وی کیمروں کا ایک جال بچھا رہی ہے جس کے تحت کاروباری اداروں، تعلیمی اداروں، بینکوں، صنعتی یونٹوں، مذہبی مقامات، ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسوں، ہسپتالوں، سڑکوں، گلیوں، بازاروں، کھیل کے میدانوں غرض ہر جگہ کی نگرانی کرے گی۔ سوشل میڈیا پر دی گئی رائے پر گرفتاری اور کئی دنوں تک پوچھ گچھ معمول تھا۔
خواتین اور بچے
رپورٹ میں ایک 8 سالہ بچی کے اغوا اور زنابالجبر کے بعد شہادت کا واقعہ بیان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ 1991 میں کنن پوشپورہ میں اہلکاروں کی جانب سے کیے گئے اجتماعی زنا بالجبر کے واقعے کا ذکر بھی کیا گیا جس کا مقدمہ بھارتی سپریم کورٹ میں ابھی تک زیر سماعت ہے۔ فروری میں جموں کشمیر سول سوسائٹی اتحاد نے کشمیر انسانی حقوق کمیشن کو جنسی تشدد اور ہراسگی کے 143 واقعات کی شکایت درج کرائی۔ 2018 میں 31بچوں کی شہادت ہوئی۔ یہ کل 159 سویلین شہادتوں کا تقریبا 20 فیصد ہے۔ اسی طرح نابالغ افراد کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کرنے اور قید رکھنے کا سلسلہ جاری رہا حالانکہ ریاستی اسمبلی نے 2012 میں اس قانون کے تحت 18 برس سے کم عمر افراد کی گرفتاری کی ممانعت کر دی ہے۔ 2018 میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کل 20 افراد نے خود کشی کی۔ 2004 سے اب تک آپسی جھگڑوں میں 77 اہلکار قتل ہو چکے ہیں۔
یہ تمام وہ واقعات ہیں جو کسی نہ کسی طرح منظر عام پر آئے ۔ بہت زیادہ واقعات ایسے ہیں جو منظر عام پر آتے ہی نہیں ہیں اور نہ ہی کہیں ان کی کہیں کوئی رپورٹ درج ہوتی ہے۔ کشمیریوں کے ہاں ایسے لاکھوں واقعات موجود ہیں۔ کشمیر کو انڈیا کی متشدد حکومت نے ایک طرح کی جیل بنا دیا ہے۔جہاں پر لاکھوں کشمیر ی قید ہیں جو نہ کسی سے رابطہ کر سکتے ہیں اور نہ ان سے کوئی رابطہ کر سکتے ہیں آج کے اس گلوبل ویلج میں وہ تمام دنیا سے کٹے ہوئے ہیں۔
اس رپورٹ کے اعداد و شمار جموں و کشمیر سول سوسائٹی اتحاداور تنظیم برائے والدین لاپتہ افراد کی مشترکہ رپورٹ سے لیے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ملتان سلطانز کی ہوم گرائونڈ میں دوسری فتح، کراچی کنگز کی پوری ٹیم134 پر آؤٹ