Goat tika

تکہ بوٹی

EjazNews

میں آپ کو آج تکہ بوٹی بنانا سکھانے جارہی ہوں ۔ مزیدار ہے پر تھوڑی محنت لگتی ہے ۔ لیکن محنت کے بغیر تو کچھ بھی نہیں ہوتا۔ تو سب سے پہلے ہم تکہ بوٹی بنانے کیلئے اشیاء لے لیتے ہیں۔ آپ کو چاہیے ایک کلو گوشت (آپ گوشت کو مچھلی والی سائیڈ سے ایک مربچ انچ کے چکور ٹکڑے بنوالیں)، نمک اور لال مرچ پسی ہوئی حسب ذائقہ، لہسن کے آٹھ جوئے، پسا ہوا دھنیا چائے کا ایک چمچہ، سفید زیرہ ایک چمچہ، ادرک آدھی چھٹانک، سب گرم مسالے پسے ہوئے ایک چمچہ۔ گھی ایک پائو، سرکہ ایک کپ، اجوائن ایک چٹکی، دہی آدھ پائو، دو لونگیں، دار چینی ایک ٹکڑا، لیموں ایک عدد۔
اب اس کو پکانے کی جانب آتے ہیں ۔گوشت کے ٹکڑوں پر نمک اور پسا ہوا لہسن لگا کر سرکہ میں ڈبو کر رکھ دیں۔ ایک سے دو گھنٹے تک پڑے رہیں۔ دیگچی میں تین پیالی پانی ڈالیں۔ اس میں لونگیں اور دار چینی ڈال کر گوشت کے ٹکڑے ابال لیں۔ جب ادھ گلے ہو جائیں تو پانی خشک کر کے اتار لیں۔ دہی پھینٹ کر اس میں ادرک، دھنیا، لال مرچ، نمک، زیرہ، اجوائن، اور گرم مسالا (تمام مسالا پسا ہوا) ملا دیا جائے ۔ گوشت کے ادھ گلے ٹکڑکوں کو ٹھنڈا کر کے ان پر یہ مسالا اچھی طرح مل دیا جائے۔ (جذب کرنے کی کوشش کی جائے) پھر ان ٹکڑوں کو سیخ پر لگا کر دہکتے کوئلوں پر سینکیں ۔ سینکتے وقت ان کے اوپر ذرا ذرا سا گھی ٹپکاتے جائیں۔ سرخ ہونے پر اتار لیں۔ لیموں کا عرق نچوڑ کر ا میں ذرا سا پانی ڈال دیا جائے ۔ اس میں سلا د کے پتے ترکر کے ڈش میں سجا دئیے جائیں۔ ان پر تکے رکھ دئیے جائیں اوپر مولی کا کدوکش ، گا جر کا کدوکش، پیاز کے لچھے، ٹماٹر کے قتلے، الو تلے ہوئے اور گوبھی کے پھول تلے ہوئے رکھ کر کھانے کو پیش کریں۔ دہی میں پودینے کی چٹنی لذت کو دوبالا کر ے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  بلیک پیپر چکن