bilwa press conferance

امید ہے جج کو اپنی صفائی کا موقع دیا جائے گا:بلاول بھٹو زرداری

EjazNews

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھاسب سیاسی جماعتوں نے اعلیٰ عدلیہ سے جج کی ویڈیو کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، اس جج کو ہٹادیا گیا ہے اور امید ہے کہ اسے اپنی صفائی کا موقع دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ یہ ویڈیو کتنی سچ ہے، کتنی نہیں لیکن یہ پوچھنے پر مجبور ہوں کہ یہ جج نوازشریف کا کیس بھی سنے اور آصف زرداری کا بھی تو کیا یہ اتفاق ہے؟ دال میں کچھ تو کالا ہے، یہ اداروں کے لیے بڑا نقصان دہ ہوسکتا ہے۔
چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر بلاول کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں اپوزیشن اراکین کی تعداد زیادہ ہے اور چیئرمین سینیٹ اپوزیشن کا ہی بنے گا۔
ضمنی الیکشن کے حوالے سے پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ گھوٹکی میں الیکشن کو سلیکشن بنانے کی کوشش کی جارہی ہے، پیپلزپارٹی کے امیدوار کی انتخابی مہم بھرپور انداز سے چلائی گئی، عوام نے پی پی کے امیدوار کے حق میں فیصلہ سنادیا ہے لیکن عوام کا فیصلہ سلیکٹیڈ کو پسند نہیں آیا، جیت واضح دکھائی دی تو دباؤ شروع کرایا۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی سیاست سلیکشن پر یقین رکھتی ہے، وہ سمجھتے ہیں کہ اوچھے ہتھکنڈوں سے ہمیں ڈرادیں گے مگر ہم ان کی سازشیں ناکام بنائیں گے۔ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اس بار محمد بخش مہر کا فارم قبول کیا، اب عدالت میں کیس چل رہا ہے، 18 جولائی کو الیکشن ہے مگر فیصلہ سنانے کے بجائے 16 جولائی کو جب انتخابی مہم ختم ہوگی تب فیصلہ سنایا جائے گا، اس سے بہت سے سوالات جنم لیتے ہیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ وفاق صوبے کا معاشی قتل کررہا ہے، پنجاب اور خیبرپختونخوا کی طرح سندھ کے حقوق پر بھی ڈاکہ ڈالا جارہا ہے، پیسےکم ملنے سے بجٹ اور معیشت پر اثر پڑرہا ہے لیکن ہم پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے ذریعے کوشش کررہے ہیں کہ کم پیسے میں منصوبے مکمل کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیں:  چینی قونصلیٹ حملے میں ملوث اسلم اچھو کا نئی دہلی میں علاج کرایا گیا:معاون خصوصی معید یوسف