shafqit-mehmood

سابق حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کو سن کر رونگتے کھڑے ہوجاتے ہیں:وفاقی وزیرشفقت محمود

EjazNews

وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا ، اس اجلاس کے بعد وفاقی وزیر برائے تعلیم و پروفیشنل ٹریننگ شفقت محمود نے میڈیا کو بریف کیا جس میں ان کا کہنا تھا کابینہ کو ڈاکٹر عشرت کی سربراہی میں سول سروس ریفارمز پر بریفنگ دی گئی، سول سروس ریفارمز پر اصولی طور پر منظوری دیتے ہوئے عمل درآمد کا فیصلہ کیا ہے۔
کابینہ میں کمیٹی بنانے کا فیصلہ ہوا ہے جس میں پرویز خٹک، ارباب شہزاد، شفقت محمود اور ڈاکٹر عشرت بھی ہوں گے، جو ادارے وفاق کے پاس ہیں، ان میں سے بعض کا انضمام کرنے کے اصول بنائے ہیں اور جو ادارے صوبوں میں ہیں، ان کو صوبوں سے مشاورت سے آگے چلایا جائے گا۔ان کا کہنا تھا لوک ورثہ اور پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹ (پی این سی اے) کو قومی ورثہ کی وزارت کے حوالے کردیا ہے جبکہ قومی ورثے کی وزارت کا نام کلچر اینڈ ہیرٹیج ڈویژن رکھا گیا ہے۔
جبکہ وفاقی کابینہ نے قطر کے ساتھ آن آرائیول ویزا، یو ایس ایف فنڈ اور اگنائیٹ میں تقرریوں کی منظوری دی ہے جبکہ وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی بنانے کے منصوبہ کے ماسٹر پلان میں حیثیت تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی ہے۔وزیراعظم ہاؤس میں یونیورسٹی آرٹفیشل انٹیلی جنس اور جدید سائنسی علوم کے لیے ہوگی۔وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی کے فیصلوں کی بھی منظوری دی ہے۔
وفاقی وزیر نے گزشتہ ادوار میںکیے گئے دورئوں کے متعلق بتایا کہ 10 سال میں قرض 6 ہزار ارب سے بڑھ کر 30 ہزار ارب تک پہنچنے کا معاملہ زیر بحث آیا، جبکہ قرضے بڑھ رہے تھے توسابق حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کو سن کر رونگتے کھڑے ہوجاتے ہیں۔
انہوں نے سابق صدر آصف علی زرداری نے اپنی صدارت کے دوران 134 غیر ملکی دورے کیے اور مجموعی طور پر 257 دن ملک سے باہر رہے، اپنے ساتھ 3 ہزار سے زائد لوگوں کو باہر لے کرگئے۔ان کا کہنا ہے کہ زرداری کے بطور صدر غیر ملکی دوروں پر ایک ارب 42 کروڑ روپے خرچ ہوئے، آصف زرداری نے ساڑھے چار کروڑ روپے کے تحائف لوگوں کو دیئے اور 2 کروڑ روپے ٹپس کے طور پر دیئے جبکہ 55 کروڑ روپے ان کے ہوٹل میں قیام پر خرچ ہوئے۔ آصف زرداری کے صرف دبئی کے 51 دورے تھے جن پر 10 کروڑ روپے خرچ ہوئے، ان میں سے 48 دورے ذاتی نوعیت کے تھے جبکہ لندن کے 17 دوروں پر 32 کروڑ روپے خرچ کیے۔
نوازشریف نے 6 کروڑ روپے کے تحائف دیئے، لندن کے دوروں پر 22 کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے، ان میں سے لندن کے 20 دورے ذاتی تھے جن پر سرکاری خرچ ہوا۔سعودی عرب 12 مرتبہ گئے اور 24 کروڑ روپے خرچ کیے اور ان کے اخراجات میں پی آئی اے کا جہاز استعمال کرنے کا نقصان شامل نہیں ہے، نوازشریف کے پی آئی اے کا جہاز لے جانے سے تقریباً 25 کروڑ روپے کا نقصان ہوا جبکہ نواز شریف نے 3 کروڑ روپے کی ٹپس دیں ۔
وفاقی وزیر برائے تعلیم و پروفیشنل تربیت شفقت محمود نے سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور شاہد خاقان عباسی کے بیرون ملک دوروں کی تفصیلات بھی جلد پیش کرنے کا اعلان کیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ پچھلے ادوار میں عجیب چیزیں دیکھیں کہ وزراء یہاں کے علاوہ باہر بھی نوکریاں کررہے تھے، خواجہ آصف وزیر دفاع، وزیر خارجہ، پانی وبجلی اور پیٹرولیم کے وزیر بھی رہے لیکن اقامے کے ذریعے ایک کمپنی کو ایڈوائزر شپ دے رہے تھے اور اس غیرملکی کمپنی سے 15 لاکھ روپے لے رہے تھے۔
شفقت محمود نے کہا کہ ایک صاحب جن پر کرپشن کا الزام ہے، عہدے کا ناجائز فائدہ اٹھا کر اربوں کمائے، یہ ملزم جب پیشی پر آتا ہے تو گل پاشی کراتا ہے اور انٹرویوز بھی دے رہا ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  اب اپوزیشن کو ایک اور عمران خان دیکھنے کو ملے گا