shoaib malik

زندگی میں ہر اختتام کی نئی شروعات ہوتی ہے

EjazNews

سابق کپتان پاکستان کرکٹ ٹیم شعیب ملک نے 14اکتوبر 1999ء میں ون ڈے کرکٹ کا آغاز کیا،37سالہ شعیب ملک نے اپنے ون ڈے کیرئیر میں 287ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنے ملک کیلئے 7ہزار 537سکور اور 158وکٹیں حاصل کیں۔ اپنے کیرئیر میں انہوں نے 9سنچریاں اور 44نصف سنچریاں بنائیں ان کا سب سے زیادہ سکور 143رنز تھا۔
شعیب ملک نے گزشتہ روز ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا وہ پاکستانی ٹیم کو ٹی ٹونٹی فارمیٹ کے لیے دستیاب ہوں گے۔ جہاں پر پاکستانی کھلاڑیوں نے ان سے محبت کا اظہار کیا وہی ان کی بیوی ثانیہ مرزا نے بھی ایک ٹویٹ کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ ’’ہر کہانی کا اختتام ہوتا ہے، لیکن زندگی میں ہر اختتام کی نئی شروعات ہوتی ہے، آپ نے 20سال تک اپنے ملک پاکستان کیلئے خدمات انجام دیں، اس سلسلے کو عزت اور عاجزی کے ساتھ رکھیں، کھیل کے میدان میں جو کچھ بھی حاصل کیا اس پر مجھے اور ازہان کو فخر ہے لیکن اس سے زیادہ آپ جو ہیں ہمیں اس پر فخر ہے‘‘۔
یہ ٹویٹ ثانیہ اور شعیب کی آپسی محبت کی بھی عکاسی کرتا ہے،یہ وہ واحد جوڑی ہے جو میاں بیوی ہونے کے باوجود اپنے اپنے ملک کی طرف سے کھیلتے ہیں اور کامیاب بھی ہیں۔ اس جوڑے نے دو ایسے ملکوں میں محبت کے بیج رکھے ہیں جو ایک دوسرے کے دشمن ہیں اور شاید ثانیہ کو زیادہ کریڈیٹ دینا چاہیے کیونکہ انڈیا میں شدت پسندی انتہا درجے کی ہے ۔
شعیب ملک کا کیرئیر شاندار رہا ہے، وہ بھرپور قسم کے بلے باز تھے اور اچھے کپتان بھی رہے ہیں۔ بہت سی کمی بیشی ان کے کیرئیر میں آئیں جو پاکستان کرکٹ کی دنیا کا حصہ ہیں اور ناقدین بھی انہیں سمجھتے ہیں اور کرکٹ کے شائقین بھی ۔ بہر کیف شعیب ملک اچھے کھلاڑی اور اچھے انسان کے ساتھ ساتھ ایک بہترین انسان بھی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر اعظم کی درخواست ضمانت مسترد کر دی