shabaz-sharif

بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے نہیں بلکہ آئی ایم ایف نےبنایا :اپوزیشن لیڈر

EjazNews

قومی اسمبلی کا اجلاس 3 روز کی ہنگامہ آرائی کے بعدہوا۔اپوزیشن اور حکومت کے درمیان معاہدے کے تحت کوئی بھی ایک دوسرے کی تقریر کے دوران ہنگامہ آرائی نہیں کریں گے اور میاں شہباز شریف کی تقریر میں یہ دیکھا بھی گیا کوئی ہنگامہ آرائی نہیں ہوئی۔
بلاول بھٹوزرداری کی تقریر کے بعد میاں شہباز شریف نے تقریر کی اور یہ تقریر اتنی طویل تھی کہ ایک موقع پر سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ میاں صاحب آپ نے خورشید شاہ صاحب کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔اور مسکراہٹوں کے تبادلے کے بعد اپوزیشن لیڈر نے اپنی تقریر جاری رکھی ۔
اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا خدا خدا کرکے یہ موقع آیا کہ ہم ایک دوسرے کی بات سنیں، گزشتہ دنوں میں ایوان کا جو وقت ضائع ہوا وہ اس ایوان کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر ، خواجہ سعد رفیق اورمحسن داوڑ اس ایوان کے معزز رکن ہیں، لہٰذا ان کی ایوان میں موجودگی یقینی بنائی جائے۔ یہ اراکین اپنے علاقوں سے لاکھوں ووٹ لے کر ان کی ترجمانی کے لیے ایوان میں آئے ہیں، بجٹ سیشن وہ موقع ہے کہ جب ان تمام اراکین کی موجودگی ضروری ہے اور یہ آپ کی ذمہ داری ہے کہ آپ ان کی موجودگی یقینی بنائیں۔ان کا کہنا تھا 2013 میں عوام کے اصلی ووٹوں سے مسلم لیگ (ن) کی حکومت منتخب ہوئی تو پہلا چیلنج بجلی کی لوڈشیڈنگ تھی جو جنرل مشرف کے دور سے چلی آرہی تھی۔انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف نے کچھ مشینیں رکھ کر فیتا کاٹ کر کہا کہ میں نے بھاشا ڈیم کا سنگ بنیاد رکھ دیا جبکہ قوم جانتی تھی کہ سنگ بنیاد دور کی بات ہے بلکہ اس کی زمین کے لیے ایک دمڑی تک مہیا نہیں کی گئی تھی، صرف لوگوں کو ورغلانے اور دھوکے کے ساتھ اس ڈیم کا سنگ بنیاد رکھنے کی کوشش کی لیکن عوام نے انتخابات نے انہیں مسترد کردیا جبکہ اسی طرح پاکستان کے لیے ضروری منصوبوں پر بھی کوئی کام نہیں ہوا۔
ان کا کہنا تھاجب عوام نے ہمیں ذمہ داری سونپی تو اس وقت بجلی کا بحران ایک چیلنج تھا اور میں نے جذبات میں آکر کہا کہ اللہ نے ہمیں موقع دیا تو ہم 6 ماہ میں بجلی کا مسئلہ ختم کردیں گے کیونکہ یہ میری خواہش تھی، تاہم اللہ نے ہماری مدد کی لیکن پی ٹی آئی کی اپوزیشن نے بدترین افراتفری اور سازش کا جال بنا، اس کی گواہی پوری قوم دے گی کہ کس طرح 7 مہینے ڈی چوک پر افراتفری کا ماحول رہا اور ملکی معیشت کو منفی ہتھکنڈوں سے تباہ کرنے کی کوشش کی گئی۔ ستمبر 2014 میں چینی صدر پاکستان آرہے تھے اور حکومت نے کوشش کی کہ ان کا دورہ ہوجائے اور پی ٹی آئی کی اپوزیشن کے تمام سازشوں، افراتفری، منفی ہتھکنڈوں کے باوجود درخواست کی گئی کہ 3 دن کے لیے ڈی چوک سے اٹھ جائیں لیکن بات نہیں مانی گئی اور چینی صدر کا دورہ ملتوی ہوگیا۔
قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ چینی صدر کے دورے کو ملتوی کروانے کا پی ٹی آئی کا فیصلہ ملک دشمنی کے مترادف تھا یہ وہ وجوہات تھیں جس کی وجہ سے ہمیں یہ چیلنجز قبول کرنے پڑے اور پھر چینی صدر کا دورہ 7 ماہ کی تاخیر سے ہوا۔
اسمبلی اجلاس سے خطاب میں بجٹ پر بحث کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ بجٹ عوام کے لیے مایوسی، انہیں اندھیرے میں ڈالنے کا پیغام، روزگار چھینے، بیواؤں کا رزق چھینے، مریضوں کی دوائی چھینے، طالبعلموں کا حق چھیننے آیا ہے، ہم اس عوام اور پاکستان دشمن بجٹ کو فی الفور رد کرتے ہیں۔ بجٹ ظلم کی تلوار ہے جو معاشی طور پر عام آدمی کی گردن کاٹنے کے لیے آیا ہے، یہ کسان کی روٹی اس سے چھیننا چاہتا ہے، اگر عوام کی خیر خواہی کے لیے بجٹ بنانا ہوتا تو یہ 5 شعبوں پر توجہ لازمی ہونی چاہیے تھی، جس میں سب سے پہلے نوجوانوں کے لیے ملازمت کو دیکھتے، مہنگائی کو اور کم کرتے، جی ڈی پی کو بڑھاتے، کاروبار اور برآمدات کو بڑھاتے اور سماجی اور معاشی انصاف کو دیکھنا چاہئے تھا۔ بجٹ میں یہ 5 اہم شعبے غائب ہیں اور یہ بجٹ آئی ایم ایف کی مشاورت سے نہیں بنا بلکہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے لیے بنایا ہے۔ آئی ایم ایف کے پے رول پر پاکستان کے اہم اداروں میں بٹھائے گئے لوگوں کو کیا پتہ کہ یتیم بچہ یا بیوہ کس طرح زندگی بسر کر رہے ہیں، انہیں کیا معلوم کے ہسپتالوں میں ادویات مل رہیں یا نہیں، یہاں کہ تعلیمی ضروریات کا انہیں کیا پتہ جبکہ انہیں بیروزگاری کے بارے میں کیا پتہ کیونکہ وہ تو صرف ایک بات جانتے ہیں کہ ترقیاتی رقوم کو کم کرنا، پریمیئم ریٹ بڑھانا ہے چاہے اس سے غریب آدمی کی چیخیں نکل جائیں۔اُن لوگوں کو غریب آدمی کی پرواہ نہیں، انہیں صرف اپنے مقررہ پیٹرن کی پیروی کرنا ہے، جس کی مثال مصر اور وینیزویلا ہے، آئی ایم نے وینیزویلا کی معیشت کا بھتہ بھٹا دیا، یہ بجٹ عوام کی موم بتی کے چراغ کو گل کرنے اور ان کی امیدوں کو قتل کرنے آیا ہے۔
قائد حزب اختلاف نے بجٹ پر بحث جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف حکومت کا اپنا ہدف تھا کہ لیکن رواں مالی سال میں ریونیو کے ہدف میں 500 ارب روپے کا فرق ہے جبکہ عمران خان نے کنٹینر پر کھرے ہوکر کہا تھا کہ اگر میری حکومت آئی تو آمدنی کا ہدف 8 ہزار ارب روپے پر لے جاؤں گا، تاہم یہ تو 4 ہزار ارب کا ہدف پورا نہیں کرسکے تو آئندہ مالی سال کےلیے رکھا گیا ساڑھے 5 ہزار ارب کا ٹارگٹ کیسے پورا کریں گے۔ حکومت کی 10 ماہ میں یہ کارکردگی ہے کہ ہماری حکومت نے جو ہدف پورا کیا تھا اس میں بھی 500 ارب کا ہول موجود ہے جبکہ ہمیں کہا جاتا کہ ہم بلاواسطہ ٹیکس لگاتے ہیں لیکن انہوں نے آج کیا کیا۔تحریک انصاف پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور اپنی بات کی اپنے عملی اقدام سے تردید کرتے ہیں، یہ 5500 کا جو آمدنی کا ہدف ہے اس میں 70 فیصد بلاواسطہ ٹیکس ہیں، پاکستان کو جو جنت بنانے آئے تھے وہ ان اقدامات سے اسے معاشی جہنم کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے دور میں بڑے پیمانے پر مینوفکچرنگ کے شعبے میں شرح پیداوار ساڑھے 6 فیصد تھی لیکن اس حکومت کے 10 مہینوں میں بدترین نااہلی کی وجہ سے یہ شرح منفی 2 ہوگئی ہے، یہ ان کے اپنے اعداد و شمار ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کل مرغی اور انڈوں کی باتیں بہت ہوتی ہیں، جو مرغی آپ ذبح کردیں گے تو انڈے کہاں سے آئیں گے، اس طرح بڑے مینوفکچرنگ شعبے کی پیداوار ہی جب منفی 2 ہوگئی ہے تو اس سے ٹیکس کہاں سے لیں گے۔اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال میں پی ٹی آئی حکومت نے 2 مرتبہ منی بجٹ پیش کیے، لہٰذا یہ ناقابل تردید حقیقت ہے کہ یہ پھر تیسرے مہینے آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے کہ ہم ہدف پورا نہیں کرسکے، آپ ہمیں استثنیٰ دیں، پھر ایسے سخت قومی مفاد پر سمجھوتہ کریں گےجس سے پاکستان کے معاشی و سیاسی صورتحال مزید خراب ہوتی جائے گی۔
صوبائی فنڈز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کا احتجاج رہا کہ وفاق سے فنڈ نہیں مل رہے جبکہ وفاقی حکومت نے 10 ماہ میں جو ٹیکس وصولی کی اس کا نتیجہ یہ نکلا کہ کہیں بھی نئے منصوبے کی ایک اینٹ بھی نہیں رکھی۔انہوں نےکہا کہ میں ان لوگوں کو سپیکر کے توسط سے ایک گولڈ میڈل دینا چاہتا ہوں کہ ہمارے دور کے منصوبوں پر تختیاں اکھاڑ کر یہ لوگ اپنی تختیاں لگانے کے لیے دست و گریبان ہیں، منصوبے تو یہ بنا نہیں سکے تو اب یہ قوم کو اسی طرح اپنی کارکردگی دکھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مجھے خود حیرانی ہوئی کہ پی ٹی آئی اور اس کی قیادت ہمیشہ ڈھنڈورا پیٹتی تھی کہ پی ٹی آئی پاکستان میں سوشل سیکٹر یعنی تعلیم اور علاج کے معاملے میں چیمپئن ہے، عمران خان سے لے کر پوری پی ٹی آئی کہتی تھی کہ میگا پروجیکٹس کک بیکس، کمیشن اور کرپشن کے لیے بنائے جاتے اور مسلم لیگ (ن) کی حکومت تعلیم اور صحت پر توجہ نہیں دیتی لیکن خود ان کے طرز عمل نے کئی سوالات کو جنم دے دیا۔شہباز شریف نے کہا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے میگا منصوبے کک بیکس کے لیے بنائے تو بتایا جائے کہ انہوں نے اس بجٹ میں 2 ایل این جی منصوبوں کو بیچنے کا پروگرام کیوں رکھا ہے، ہمارے دور کے بنائے ہوئے 2 بجلی کے منصوبوں کو انہوں نے نجکاری کے لیے سرفہرست رکھا ہے، اگر کسی منصوبے میں کک بیکس ہوں تو عمران خان ان کی تحقیق کریں گے یا بیچنے کے لیے ڈال دیں گے۔تنقید کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تعلیم اور ہسپتالوں سے متعلق انقلاب کا بتایا جاتا تھا لیکن 2013 سے 2018 تک ایک نئی یونیورسٹی اور ہسپتال نہیں بنایا۔اس پر اسپیکر اسد قیصر نے شہباز شریف کی بات کاٹتے ہوئے کہا کہ آپ کے علم میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ خیبرپختونخوا میں 7 یونیورسٹیاں بنائیں گئیں جبکہ میں نے اپنے ضلع صوابی میں 2 یونیورسٹیاں اور میڈیکل کالج و ہسپتال بنایا۔بجٹ تجاویز پر انہوں نے کہا کہ عمران خان نے بلند و بانگ دعووں کے برعکس ہمارے دور میں تعلیم ک 97 ارب روپے کے بجٹ میں 20 ارب روپے کم کردیے اور 77 ارب روپے مختص کیے ہیں، اسی طرح صحت کے شعبے کا وفاقی بجٹ 13 ارب سے کم کرکے 11 ارب روپے کردیا گیا، اس سب کے بعد اس میں کوئی شک نہیں رہ جاتا کہ یہ یوٹرن کے ماسٹر ہیں اور یہی ان کا اوڑھنا بچھونا ہے۔
میٹرو بس پر تنقید کا جواب اور بی آر ٹی پشاور پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عمران خان نیازی کہتے تھے کہ یہ جنگلہ بس 70 ارب روپے میں بنا ہے اور اس میں بدترین کرپشن ہوئی ہے اور میں پشاور میں بی آر ٹی اور میٹرو بس کبھی نہیں بناؤں گا چاہے مجھے وفاقی حکومت گرانٹ ہی کیوں نہ دیتے بلکہ یہ پیسا یونیورسٹیوں اور صحت پر لگاؤ گا۔انہوں نے کہا کہ پھر 2016، 2017 میں بی آر ٹی پشاور کا اعلان ہوگیا اور قرضہ جات کی تحقیقات کے لیے جو کمیشن بنایا ہے اس میں قرضہ جات کی پہلی کھیپ خیبرپختونخوا کی جانی چاہیے کیونکہ بی آر ٹی کے اعلان کے بعد وفاقی حکومت کو رد کرکے ایشیائی ترقیاتی بینک سے اربوں روپے کا قرضہ لیا۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت پیسے اور وہ گرانٹ دینے کو تیار تھی جو صوبوں کو دی جاتی ہے تو پھر اس کو مسترد کرکے ایشیائی ترقیاتی بینک اور فرانسیسی حکومت سے قرض لیے، لہٰذا اس معاملے کو کمیشن کے سامنے پیش ہونا چاہیے۔شہباز شریف نے کہا کہ آج یہ بی آر ٹی کھنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے، 38 ارب سے شروع ہونے والا یہ منصوبہ ایک کھرب تک پہنچا جاتا ہے، صوبائی حکومت کے ادارے نے اپنی رپورٹ میں لکھا کہ میں تکنیکی طور پر غلطیاں ہوئی ہیں اور اس میں کرپشن ہوئی ہے جبکہ پشاور ہائی کورٹ نے کہا کہ بلیک لسٹڈ کنٹریکٹر کو اس کا ٹھیکا کیوں دیا۔
اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میٹرو لاہور، ملتان، راولپنڈی و اسلام آباد کے تقریباً 70 کلو میٹر کے منصوبے 100 ارب میں جبکہ اکیلا پشاور میٹرو 100 ارب روپے میں ہوگیا ہے یہ تحریک انصاف کی کارکردگی ہے۔قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہم نے کیا ہوتا تو نیب ہمارے خلاف ایک اور ریفرنس بنا کر بھیج چکا ہوتا، اس معاملے میں اب نیب جانے اس کا کام جانے، ساتھ ہی انہوں نے بس ریپڈ ٹرانسپورٹ سسٹم کو بگیسٹ رابری ان ٹرانسپورٹ سسٹم قرار دے دیا۔انہوں نے کہا کہ پشاور کے لوگ دعا کرتے ہیں کہ بی آر ٹی منصوبے سے جان چھڑا کیونکہ اس سے ان کے کاروبار ختم ہوگئے اور لوگوں کو وہاں سے جانے میں مشکلات ہوتی ہیں۔قرضوں سے متعلق بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ہم پر یہ الزام لگایا گیا کہ ہم نے بے پناہ قرضے لیے ہیں، آج ان قرضوں کے بوجھ کا دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کرنا چاہتا ہوں تاکہ حقیقت پوری قوم کے سامنے آجائے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے اعداد و شمار کے مطابق ہم نے اپنے دور 2013 سے 2018 تک 10 ہزار 600 ارب روپے قرض لیا، 31 مئی 2018 کو یہ قرض اور گزشتہ ادوار کے قرضوں کو شامل کرکے قرضوں کا مجموعی حجم 24 ہزار 952 ارب روپے تھا۔تاہم انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت نے کیا کارکردگی دکھائی اور انہوں نے کتنا قرض لیا، ہم نے جو قرض لیے اس میں تاریخی کام ہوئے، جس میں 11 ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے، گوادر بندرگاہ کی تعمیر، 1700 کلو میٹر موٹروے، 8 ہزار کلومیٹر شاہراہیں، ایل این جی ٹرمنلز، ملکی تاریخ کا سب سے بڑا 2200 میگا واٹ کا ایٹامک بجلی گھر کی بنیاد، بجلی ترسیل کی لائن، اورنج لائن ٹرین منصوبہ اور سندھ کی حکومت کے ساتھ مل کر تھرکول پاور و دیگر منصوبے شامل ہیں۔اس موقع پر انہوں نے الزام لگایا کہ کیا کہ نیب اور تحریک انصاف کی حکومت میں چولی دامن کا ساتھ ہے، یہ کمیشن بنا ہے اس میں بڑے شوق سے قرضوں کی تفصیل لے کر جائیں، مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی بھی جائے گی لیکن اس کی شروعات بی آر ٹی پشاور سے ہونی چاہیے۔طویل خطاب میں انہوں نے تحریک انصاف حکومت کی جانب سے لیے گئے قرضوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ عمران خان نیازی کہتے تھے کہ کسی ملک سے قرض لینا قوم کی کمزوری کی نشانی ہے، بکھاری پن قوم کی عزت و غیرت پر سمجھوتہ ہے، وہ ٹھیک کہتے تھے لیکن ہوا کیا انہوں نے ان 10 ماہ میں 5 ہزار ارب روپے کے قرض لے لیے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے 5 سال میں جتنے قرضے لیے انہوں نے اس کے نصف صرف 10 ماہ میں لے لیے، اگر انہیں ایک سال مل گیا تو یہ ہمارے دور سے زائد قرض لے چکے ہوں گے۔
اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے 50 لاکھ گھروں کا وعدہ کیا تھا جبکہ انہوں نے ہمارے منشور سے یہ پروگرام چرایا تھا لیکن ان کے دور 11 ماہ میں گھر تو دور ایک اینٹ بھی نہیں لگائی اور اس بجٹ میں اس منصوبے کے لیے کچھ نہیں رکھا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت یومیہ 19 ارب روپے قرض لے رہی ہے، یہ کہاں کا انصاف ہے کہ ہمیں قرضوں کے الزام لگایا جاتے ہم اس کے لیے تیار ہیں لیکن یہ احتساب نہیں بلکہ انتقام ہے اور یہ قابل مذمت ہے۔دوران خطاب انہوں نے تحریک انصاف پر ووٹ چوری کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اگر جعلی ووٹوں سے حکومت نہیں بنتی اور ہمیں موقع ملتا تو غریب کے لیے گھر بناتے اور قوم کو بتاتے کہ ہم نے وعدہ پورا کیا جبکہ تحریک انصاف کے وعدے آج ایک سوالیہ نشان ہیں۔
اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری پر قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ ہمارے قائد نواز شریف قید میں ہیں، آصف زرداری کو گرفتار کیا ہے جبکہ خواجہ سعد رفیق بھی گرفتار ہیں لیکن یہ پوری اپوزیشن کو گرفتار کرلیں، جتنے ظلم ڈھانے ہیں ڈھادیں ہم اس عوام دشمن بجٹ کی ڈٹ کر مخالفت کریں گے اور عوام کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔اس دوران سپیکر اسمبلی نے شہباز شریف کو اپنی تقریر سمیٹنے کا کہا تو شہباز شریف نے کہا کہ ابھی تو میں نے تقریر شروع کی ہے، جس پر ایوان میں اپوزیشن رہنماؤں کی جانب سے قہقہے بلند ہوگئے۔شہباز شریف کا کہنا تھا وزیر اعظم نے کہا تھا کہ اربوں ڈالر آئیں گے کہاں ہیں وہ اربوں ڈالر، کوئی پاگل ہے جو اس نااہل حکومت کو ڈالر دیتا جبکہ ریونیو سے متعلق عمران خان نے کنٹینر پر کہا تھا کہ اگر ٹیکس پورا نہ ہو، لوگ ٹیکس نہ دیں تو اس وقت کا وزیر اعظم چور ہوتا ہے، آج تو ان کے اپنے ہدف میں 500 ارب روپے کا فرق ہوگیا۔اپنے خطاب میں انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے مریضوں، بیوہ یتیم، کسان کی پرواہ نہیں کی اور بجٹ میں اسٹاک ایکسچینج کے سٹہ بازوں کے لیے 20 ارب روپے جھونک دیے، دعا ہے کہ اللہ انہیں ہدایت دے اور آئی ایم ایف کے مشوروں سے پرہیز کریں۔بات جاری رکھتے ہوئے انہوں نے یہ بھی کہا انہوں نے اپنی روش تبدیل نہیں کی تو یہ ملک آگے نہیں بڑھے گا خدانخواستہ ملک میں خونی انقلاب آسکتا ہے، ہمیں اس کی فکر کرنی چاہیے، اگر حالات اور بگڑ گئے تو یہ بھاگنے کی کوشش کریں گے لیکن ہم انہیں بھاگنے نہیں دیں گے اور ان سے حساب لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  ملک بھر میں سوشل میڈیا 3بجے تک بند رہے گا