پاکستانی سیاحت کو آپ نے صرف سیاحت دوست بنانا ہے باقی کام آپ سیاحوں پر چھوڑ دیں ۔ وہ آپ کو پیسے بھی دیں گے پوری دنیا میں پبلسٹی بھی اور نئے نئے کاروباری مواقع بھی۔ آپ کی معیشت کو ترقی دینے میں یہ سیاح کلیدی کردار ادا کریں گے۔
سیاحت دوستی کی مثالیں میں آپ کو دینا چاہتا ہوں۔ آپ سپین میں اگر سفر کر رہے ہیں تو ٹیکسی ڈرائیور آپ سے ضرور زیادہ پیسے چارج کرنے کی کوشش کرے گا۔ لیکن اس کے باوجود اگر آپ سپین کا الحمرا دیکھنے کے خواشمند ہیں اور صبح تھڑی دیر سے پہنچے ہیں تو ذہن نشین کر لیجئے آپ کو ایک طویل قطار کے بعد بھی ٹکٹ ملنا مشکل ہوتا ہے۔ الحمرا مسلمانوں کی یاد ہے جسے عیسائی حکمرانوں نے سنبھال کراس سے اپنی معیشت مضبوط کی ہے۔ فرانس کی جتنی آبادی ہے اس سے زیادہ سیاح اس ملک میں سفر کرتے ہیں۔ انڈیا ترقی پذیر ممالک میں سے ہے اس ملک میں غیر ملکی سیاح خواتین سے ریپ عام بات ہے اس کے باوجود یہاں بھی سیاحوں کی تعداد کم نہیں۔
اب ہمارے ہاں کیا ہے انفراسٹرکچر کا سب سے پہلے مسئلہ ہے اس کے بعد ہمارے ہاں آن لائن بکنگ پر ڈالے گئے ہوٹل تصاویر میں ایسے ہوتے ہیں جیسے ہمارے ہاں تصاویر میں ہائوسنگ سوسائٹیز ہوتی ہیں۔ دوسرا ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کیلئے کوئی مواد آسانی سے میسر نہیں ہے۔ گائیڈ کا تصور ابھی ہمارے ہاں نہ ہونے جیسا ہے۔
مذہبی سیاحت کا ہمارے ہاں موجودہ صورتحال میں بہت زیادہ چارم ہے لیکن آپ مذہبی مقامات کے قریب جانے والی سڑکوں اور ہوٹلوں کو دیکھ کر آپ کو اندازہ کرنا مشکل نہیں ہو گا کہ گزری ہوئی حکومتیں سیاحت کے فروغ میں کتنی سنجیدہ تھیں اور موجودہ حکومت کتنی سنجیدہ ہے۔