bharwan-tinda

قیمہ بھرے ٹنڈے

EjazNews

اجزاء: ٹنڈے بارہ (بڑے اور ایک سائز کے ہو ں تو مناسب ہے ) قیمہ آدھ سیر، گھی ایک پائو، پیاز آدھ پائو، لہسن چھ جوئے، ٹماٹر دو، انر دانہ چائے کا ایک چمچہ، زیرہ ایک چٹکی، ادرک پائو چھٹانک، لونگیں دو، کالی مرچ چار دانے، پسا ہوا دھنیا ایک چمچہ، انڈا ایک، ڈبل روٹی کا چورا۔
ترکیب: دیگچی میں گھی کو کڑکڑائیں۔ پیاز کے باریک لچھے اور لہسن کے جوئے کتر کر بادامی رنگ پر تل لیں۔ زیرہ اور ادرک بھی کتر کرتل لیں۔ پھر قیمہ اور نمک ڈال کر بھون لیں۔ جب سرخ ہو جائے تو لال مرچ، ہلدی، پسا ہوا دھنیا، کالی مرچ، لونگ اور انار دانہ پیس کر ڈال دیں اور پانی کا چھینٹا دے کر خوب بھونیں ۔ گھی چھوڑد ے تو ایک پیالی پانی ڈال کر پکنے دیں۔ پانی خشک ہو جائے اور قیمہ گل جائے تو بھون کر اتار لیں۔ ہری مرچ ، ہرا دھنیا اور پیاز باریک کتر کر ڈال دیں۔ٹنڈوں کے اوپر سے تھوڑا چھلکا کا ٹکر اندر سے بیج اور گودا نکال لیں۔ دیواریں موٹی رہنی چاہئیں۔ ان میں بھنا ہوا قیمہ بھر دیں۔ اوپر کا حصہ پھر سے لگا کر اس پر دھاگا لپیٹ دیں۔انڈا اور ڈبل روٹی کا چورا بھی لگا دیں۔
ایک فرائنگ پین میں گھی کڑ کڑائیں۔ اس میں ٹنڈے تلیں۔ آنچ دھیمی ہو۔ جب ہلکے سرخ ہو جائیں تو نکال لیں۔ اسی گھی میں تھوڑی پیاز بادامی کریں۔ ٹماٹر اور لال مرچ ڈال کربھونیں۔ تھوڑا سا پانی ڈال کر پکائیں۔ جب مسالے کی طرح بھن جائے تو قیمہ بھرے ٹنڈے رکھ کر دم دے دیں۔ دس منٹ بعد اُتار لیں۔
سلاد کے پتے دھو کر ڈش میں چاروں طرف سجا دئیے جائیں۔ ہر پتے پر ایک ٹماٹر کا قتلہ رھ کر اس پر قیمہ بھرا ٹنڈا رکھ دیا جائے۔ درمیان میں باقی بچا ہوا قیمہ رکھ دیں۔ بھونا ہوا مسالا بھی ایک طرف یا قیمے کے چاروں طرف ڈال دیں۔ ابلے ہوئے انڈ ے اور کھیرے کے قتلے بھی رکھے جا سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  چکن ٹماٹر کٹ