قیمہ_بھرے_کریلے

قیمہ بھرے کریلے

EjazNews

اجزا:
کریلے ایک کلو (ایک ہی سائز کے ہوں تو بہت اچھا ہے)۔ قیمہ آدھا کلو ، نمک اور لال مرچ حسب ذائقہ، زیرہ ایک چٹکی، کالی مرچ چھ دانے، لونگیں دو، لہسن چھ جوئے، ادرک چھٹانک، پیاز آدھ پائو، ٹماٹر آدھ پائو، دہی آدھ پائو، ہلدی چائے کا آدھا چمچہ، ہری مرچیں چار، ہرا دھنیا ایک گڈی، گھی آدھ پائو۔
ترکیب:
نمک ، زیرہ، کالی مرچ، لونگ، ادرک، لہسن،ہلدی ، لال مرچ، دہی (پھینٹ کر)قیمے میں ملا کر چولہے پر چڑھا دیں ، آدھی پیالی پانی بھی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔قیمہ گل جائے پانی اور دہی خشک ہو جائے تو اتار لیں۔ قیمے کو باریک پیس لیں۔ اس میں پیاز، ہرا دھنیا، ہری مرچ اور ٹماٹر باریک کاٹ کر ملا دیں۔اگر کھٹائی پسند ہو تو آدھا چمچہ انار دانہ پیس کر ڈال دیں اور الگ رکھ دیں۔
کریلے اچھی طرح چھیل لیں۔ پھر لمبائی کے رخ کاٹ کر شگاف کرلیں۔ اندر سے بیج نکال دیں۔ اب اندر باہر اچھی طرح سے نمک مل دیں ایک گھنٹے کے لیے پڑے رہنے دیں اس کے بعد ہاتھوں سے ملیں پھر کھلے پانی میں دھوڈالیں اور اچھی طرح نچوڑ لیں اس طرح کڑواہٹ ختم ہوجائے گی۔
پسا ہوا قیمہ (جس میںہری مرچ، پیاز، ٹماٹر، ہرا دھنیا اور پسا ہوا انار دانہ ملایا گیا ہے )کریلوں کے پیٹ میں بھردیں اور انھیں سوئی دھاگے سے سی دیں یا اوپر دھاگا لپیٹ دیں۔ فرائنگ پین میں گھی کڑ کڑائیں اور اس میں کریلے بادامی رنگ پر تل لیں۔ جتنی ہلکی آنچ پر تلے جائیں اتنے ہی مزے دار ہوں گے اور اتنی ہی کڑواہٹ کم ہوگی۔ ایک فرائنگ پیس میں تھوڑا گھی ڈال کر بچا ہوا قیمہ ہلکی آنچ پر تل لیں۔ ڈش کے چاروں طرف کریلے قرینے سے سجا دیں۔ ایک سائز کے ہوں گے تو دیدہ زیب معلوم ہوں گے۔ ان کے درمیان میں بھنا ہوا قیمہ رکھ دیں ۔اوپر ٹماٹر کے قتلے، سلاد کے نرم پتے، کھیرے کے قتلے اور پودینے کے چند پتے رکھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں:  چکن تکہ کڑاہی