اذان دین کا بنیادی شعار

EjazNews

’’اذان‘‘ کے لغوی معنی اطلاع دینے کے ہیں، شریعت میں نماز کے لیے ’’اعلان‘‘ کو اذان کہا جاتا ہے۔ہجرت سے قبل مسلمان مکۂ معظمہ میں پوشیدہ طور پر نماز کی ادائیگی کرتے تھے، اس کی وجہ یہ تھی کہ مسلمان ابھی وہ طاقت نہ پکڑ سکے تھے کہ وہ علیٰ الاعلان نماز کے وقت کا اعلان کرسکیں۔نافعؒ بیان کرتے ہیں کہ ابن عمرؓ کہا کرتے تھے : جب مسلمان مدینہ آئے تو وہ نماز کے لیے جمع ہوا کرتے تھے اور نماز کے لیے اذان نہیں ہوتی تھی، چنانچہ اس سلسلے میں ایک روز انہوں نے بات چیت کی تو کچھ لوگ کہنے لگے، عیسائیوں کی طرح ناقوس بنا لیا جائے اور بعض کہنے لگے : یہودیوں کے سینگ کی طرح کا بگل بنا لیا جائے،چنانچہ عمر ؓ کہنے لگے : تم کسی شخص کو کیوں نہیں مقرر کرتے کہ وہ نماز کے لیے منادیٰ کرے ، تو رسول کریم ﷺنے فرمایا:بلال، اٹھ کر نماز کے لیے منادیٰ کرو ۔(صحیح بخاری)
حضرت ابن عمرؓ کہتے ہیں کہ جب مسلمان ہجرت کرکے مدینہ آئے تو وقت کا اندازہ کرکے اور ایک وقت مقرر کرکے نماز ادا کرلیا کرتے، کیوںکہ اعلان (منادی) کا سلسلہ شروع نہ ہوسکا تھا۔ ایک روز پیغمبر رحمتﷺ نے صحابہؓ کو مشورے کے لیے بلایا کہ نماز کے اعلان کے لیے کیا طریقہ اختیار کیا جائے؟ صحابۂ کرامؓ کی مختلف آراء تھیں جو سرکاردوعالم ﷺ نے پسند نہ فرمائیں،اس موقع پر حضرت عمرؓ نے تجویز دی کہ کسی آدمی کو نماز کے اعلان کے لیے مقررکیا جائے،جو اعلان کرے کہ نماز کا وقت ہوگیا ہے،یہ تجویز پسند آئی اور حضرت بلالؓ کو حکم فرمایا کہ کھڑے ہوجائو اور نماز کی ’’منادی‘‘ کرو۔ (مشکوٰۃ)۔
بظاہر رسول اللہﷺ نماز کے اس بلاوے کے طرز سے مطمئن نہ تھے اور آپﷺ اس مسئلے میںمتفکر رہتے۔آپﷺ کے متفکر ہونے کی وجہ سے صحابۂ کرامؓ بھی فکر مند رہتے۔وہ سوچتے تھے کہ کاش،اذان (منادی) کا کوئی ایسا حل نکل آئے کہ اسلامی روایات کی انفرادیت ظاہر ہو۔اس سلسلے میں بارگاہِ الٰہی میں دست بہ دعا رہتے تھے۔اسی اثناء میں ایک رات حضرت عبداللہؓ بن زید نے خواب میں ایک شخص کو دیکھا جس نے حضرت عبداللہؓ بن زید کو نماز کے لیے بلانے کے لیے اذان اور اقامت کے لیے کلمات سکھائے جو آج بھی رائج ہیں۔حضرت عبداللہؓ صبح ہی صبح رسول اکرمﷺ کی خدمت میں حاضر ہوئے اور اپنا خواب عرض کیا۔سرکار دو عالمﷺ نے فرمایا: تمہارا یہ خواب سچا ہے اور درحقیقت یہ الفاظ اللہ تعالیٰ کی طرف سے عطا کیے گئے ہیں۔حضرت عمرؓ اور حضرت ابوبکر صدیقؓ نے عرض کیا کہ انہوں نے بھی ایسا ہی خواب دیکھا ہے۔امام غزالیؒ فرماتے ہیں کہ اس طرح دس جلیل القدر صحابۂ کرامؓ نے اسی طرح کا خواب دیکھا اور اس طرح اسلام میں اذان کا طریقہ رائج ہوا۔
اسلام ایک عالمگیر مذہب ہے جو تمام بنی نوع انسان کو بتاتا ہے کہ اطاعتِ حقیقی صرف اللہ کے لیے ہے اور ’’نماز‘‘اس کی ’’بندگی‘‘ کا حق ادا کرنے کا واحد عمل ہے کہ جس ’’عمل‘‘ پر قیامت میں ہمارے لیے بخشش کی نوید ہے۔ اس عظیم عبادت کے ’’اعلان عام‘‘ کے لیے ظاہر ہے ایسے الفاظ ہونے چاہییں جو اللہ کی بڑائی سے دنیا کو آگاہ کریں،چناںچہ جس طرح ’’نماز‘‘ کے بارے میں قرآن مجید میں اطاعتِ ربی کا حکم ہے،وہاں پر اذان سے متعلق بھی فرمان ربی موجود ہے کہ بارگاہ الٰہی میں آنے کے لیے لوگوں کو اطلاع کرو کہ یہ موجبِ رحمت و برکت ہے۔
یہ حقیقت ہے اور تاقیامت رہے گی کہ اذان و صلوٰۃ دونوں کو ’’حکم‘‘ کا درجہ حاصل ہے اور ان کا تمسخر اڑانے والا سزا سے نہ بچ سکے گا، چناںچہ سورۃ المائدہ میں ایسے لوگ جو اذان دینے والوں کا مذاق اڑاتے ہیں،ان کے متعلق فرمایا: ’’جب تم پکارتے ہو، نماز کے لیے (اذان دیتے ہو) تو وہ اسے ایک مذاق اور کھیل ٹھہراتے ہیں،اس لیے کہ وہ لوگ عقل نہیں رکھتے۔‘‘یعنی جب تم اذان کہتے ہو تو (وہ) اس سے جلتے ہیں اور ٹھٹھا کرتے ہیں جو ان کی کمال حماقت اور بے عقلی کی دلیل ہے۔ کلمات اذان میں اللہ کی کبریائی کا اظہار اور توحید کا اعلان ہے، یہ لوگ اس اعلان کا مذاق اڑا کر اپنی بے عقلی کا ثبوت دیتے ہیں۔ بعض اکابرین نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ کی وحدانیت رسول اکرمﷺ کی رسالت کی گواہی اور اذان کے ذریعے اس کی عبادت کے اعلان کا مذاق خالق کائنات کے غضب کو دعوت دیتا ہے۔ وہ سزا کا مستحق قرار دیا جاتا ہے۔
رسول اکرمﷺ کا ایک ارشاد ہے کہ اذان اسلام کی علامت ہے۔(مشکوٰۃ) اذان سے متعلق فرمودات رسولؐ اگر دیکھے جائیں تو معلوم ہوگا کہ اگرآج ہم اذان کو سن کر نماز کے لیے تیار ہو جائیں تو ہمیں اللہ کی طرف سے اتنے انعام و اکرام ملیں کہ ہم قوموں میں ایک امتیازی حیثیت حاصل کرجائیں۔بہرحال اذان اسلام کا ایک بہت عظیم شعار ہے۔ جس میں اللہ کی بزرگی، عظمت اور رسول اکرم ﷺکی رسالت کا اقرار ہے۔اذان ایک ایسی آواز ہے کہ جس آواز کو چودہ سو برس ہوگئے،قرآن مجید کی تلاوت کے ساتھ ساتھ اذان کی روح پرور صدا کانوں میں رس گھول رہی ہے۔مدینہ منورہ کی فضائوں میں گونجنے والی اذان الحمدللہ آج دنیا کے کونے کونے میں کچھ اس انداز سے گونجتی ہے کہ 24 گھنٹوں میں کوئی لمحہ ایسا نہیں گزرتا کہ مسلمانوں کا یہ ملی شعار انسانوں کو اللہ کی آفاقیت،اطاعت اور رسول رحمتﷺ کی سنت پر عمل پیرا ہونے کی دعوت نہ دیتا ہو۔
اذان ایک ایسی حقیقت ہے اور مسلمانوں کا ایک ایسا ملی شعار ہے کہ جس کے متعلق بین الاقوامی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اذان دنیا بھر میں ہر وقت گونجنے والی واحد آواز ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ہر روز انڈونیشیا کے مشرقی جزائر میں صبح صادق سے بلند ہونے والی اذان فجر سے اللہ کی توحید اور رسول رحمت ﷺ کی رسالت کا اعلان سنا جاتا ہے اور مشرقی جزائر سے یہ سلسلہ مغربی جزائر تک چلا جاتا ہے اور پھر سماٹرا کے مختلف علاقوں میں اذانیں شروع ہونے سے پہلے ’’ملایا‘‘ میں اذان کا سلسلہ شروع ہوتا ہوا ڈھاکا پہنچ جاتا ہے۔ بنگلہ دیش میں ابھی اذانیں ختم نہیں ہوتیں کہ کلکتہ سے سری لنکا تک اذانیں شروع ہو جاتی ہیں اور پورے ہندوستان کی فضا توحید و رسالت کے اعلان سے گونج اٹھتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سری نگر اور سیال کوٹ میں فجر کی اذان ہوتی ہوئی کوئٹہ پہنچ جاتی ہیں اور پھر پورا پاکستان اذانوں کی آواز سے گونج اٹھتا ہے۔ پاکستان میں اس اذان سے قبل افغانستان اور مسقط میں اذانیں شروع ہو جاتی ہیں،پھر ان اذانوں کا سلسلہ سعودی عرب، یمن اور متحدہ عرب امارات، کویت اور عراق میں شروع ہو جاتا ہے۔یہ سلسلہ ختم ہوتے ہی شام،مصر، صومالیہ اور سوڈان میں اذانیں بلند ہوتی ہیں اور پھر یہ سلسلہ اسکندریہ،استنبول، مشرقی ترکی، شمالی امریکہ، لیبیا اور تیونس میں شروع ہوجاتا ہے اور پھر ظہر کی اذانیں۔ ظاہر ہے یہ سلسلہ پانچوں نمازوں میں پوری دنیا میں اس طرح شروع ہوتا ہے کہ کرۂ ارض پر ایک سیکنڈ بھی ایسا نہیں گزرتا کہ اللہ کی توحید اور رسول اکرم ﷺکی رسالت کا اعلان نہ ہوتا ہو اور یہ سلسلہ قیامت تک جاری رہے گا۔ان شاء اللہ۔
مفتی محمدنعیم

یہ بھی پڑھیں:  اللہ دلوں کے بھید جانتا ہے، ہر چیز اللہ تعالیٰ کے علم میں ہے(۱)