عربی بیف رائس، کابلی چنوں کا پلاؤ، سنگاپورین رائس

EjazNews

اجزاء:گوشت بغیر ہڈی کا(چھوٹی چھوٹی بوٹیاں کرلیں)ایک کلو، چاول (دھو کربھگودیں)ایک کلو، دہی ایک کپ، سفید زیرہ(پِسا ہوا)ایک کھانے کا چمچ،کاجو کا پیسٹ تین کھانے کے چمچ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، زعفران( نیم گرم دودھ میں بھگو دیں)ایک چوتھائی چمچ،مٹر حسبِ ضرورت، گاجر(کیوبز میں کٹی ہوئی)ایک عدد،نمک حسبِ ذائقہ اور تیل ایک کپ۔
ترکیب:ایک پتیلی میں تیل گرم کریں اور گوشت ڈال کر فرائی کر لیں۔ پھراس میں دہی سمیت تمام اجزاء ڈال کر بھون لیں اور دو کپ پانی شامل کرکے، درمیانی آنچ پر ڈھک کر پکنے دیں۔ اب الگ پتیلی میں چاول، نمک اور پانی ڈال کر اُبال لیں،جب چاول ایک کنی رہ جائیں، تو چھلنی میں ڈال کر چھان لیں۔گوشت گل جائے اور پانی خشک ہوجائے،تو اس میں چاول ڈال کر زعفران چھڑک کر دَم لگا دیں۔ رائتے کے ساتھ گرم گرم سَرو کریں۔

کابلی چنوں کا پلاؤ

اجزاء: چاول آدھا کلو، کابلی چنے ایک پائو، گھی ایک پاؤ، ادرک پائو ، کالی مرچ ثابت دوتولہ، زیرہ دو تولہ، لونگیں چار، ار چینی دو تولہ، بڑی الائچی دو، نمک حسب ذائقہ، دہی آدھ پائو، پیاز ایک پائو، لہسن چار جوئے۔
ترکیب: چاول صاف کر کے دھو لی اور بھگو کر رکھ دیں۔ کابلی چنے صاف کر کے (رات کو بھگو کر رکھ دیں رات کو پکانے ہوں تو صبح کو بھگو کر رکھ دیں )دیگچی میں گھی کڑ کڑا کر پیاز کے باریک لچھے بادامی رنگ پر تل لیں۔ لہسن کے جوئے پیس کر ڈال دیں۔ تمام مسالا دہی میں ڈال کر ملا لیں۔ دہی اور مسالے کو پیا ز میں ڈال کر بھونیں چنے ایک علیحدہ پتیلی میں ہلکی آنچ پر چڑھا دیں۔ پانی اتنا ڈالیں کہ ساتھ ہی خشک ہو جائے۔ اس کو مسالے میں ڈال کر بھونیں۔ پانی خشک ہو جائے تو ایک سیر پانی ڈال دیں۔ اس میں چاول نچوڑ کر ڈال دیں۔ ایک دو مرتبہ کفگیر چلایں۔ پھر مضبوطی سے ڈھک کر ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ جب پانی خشک ہو جائے اور چاول دوکنی پر گل جایں تو ہرا دھنیا ، پودینہ اور پہاڑی ہر ی مرچ کے لچھے ڈال کر دم پر لگا دیں۔ پندرہ منٹ بعد نکال لیں۔

یہ بھی پڑھیں:  جے پوری جھینگا بریانی

سنگاپورین رائس

اجزاء: چکن(بون لیس چھوٹے ٹکڑے )ایک پائو، ٹماٹر، شملہ مرچ اور گاجرایک ایک عدد(تینوں اجزاء کیوبز میں کاٹ لیں)بند گوبھی(باریک کاٹ لیں) ایک عدد،ہری پیاز(کٹی ہوئی) ایک عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ دو کھانے کے چمچ، کالی مرچ(کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، لال مرچ (کُٹی ہوئی)ایک چائے کا چمچ،سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، چائنیز نمک ایک کھانے کا چمچ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، کیچ اَپ ایک کپ، اسپیگیٹیز ایک کپ، چاول دوکپ(بھگو دیں)، نمک حسبِ ذائقہ اور تیل ایک کپ۔
بگھار کے لیے:ہری مرچیں چار عدد، لہسن کے جوے چارعدد اور تیل تین چائے کے چمچ۔
ساس بنانے کے لیے:مایونیز، ایک کپ، کیچ اَپ آدھا کپ، سرکہ دو کھانے کے چمچ، لال مرچ(کُٹی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، لال مرچ پائوڈر آدھا چائے کا چمچ، چینی آدھا چائے کا چمچ اور نمک حسب ِذائقہ ( تمام اجزاء کو مکس کرلیں)۔
ترکیب: ایک کڑاہی میں تیل گرم کرکے لہسن ،ادرک کا پیسٹ ڈال کر ہلکا فرائی کرلیں،پھر چکن ڈال کر اچھی طرح بھون لیں۔ اب سبزیوں سمیت تمام اجزاء (سفید زیرے کے علاوہ)ڈال کر ہلکی آنچ پر پکنے کے لیےرکھ دیں، جب گریوی تیار ہوجائے، تو چولھا بند کردیں۔ اب الگ پتیلی میں پانی لیں اس میں ایک چمچ تیل اورحسبِ منشاء نمک شامل کرکے اُبال لیں، پھر اسپیگیٹیز ڈال کر پکنے دیں، جب اسپیگیٹیزپک جائیں، تو پہلے سے تیار شدہ چکن گریوی میں اچھی طرح مکس کر دیں۔اس کے بعدایک علیحٰدہ پتیلی میں تیل گرم کرکے سفید زیرہ اور نمک ڈال کرہلکا سا فرائی کرلیں ،پھردو کپ پانی ڈال دیں اورجوش آنے پر چاول شامل کرکے اُبال لیں کردَم دے دیں۔اب ایک ڈش میں پہلے چاولوں کی تہہ بچھائیں،پھر سا س کی اور اس کے بعد چکن گریوی ڈالیں۔ اسی ترتیب سےتہہ پرتہہ بچھاتی جائیں( آخر میںچاول کی تہہ ہو)۔اس کے بعد لہسن اور ہری مرچ کا بگھار لگادیں۔لیجیے ،مزے دارسنگاپورین رائس تیار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  مرچوں کے بن کباب