آئیے ہم آپ کو کچوریاں، دہی بڑے اور چکن والے پکوڑے بنانا سکھاتے ہیں

EjazNews

رمضان کی مناسب سے ہم نے آپ کے لیے کچھ ایسی ڈشز کا انتخاب کیا ہے جو بازار سے باآسانی مل جاتی ہیں لیکن اگر آپ تھوڑی سی محنت کر کے انہیں اپنے گھر میں تیار کریں تو یہ آپ کی صحت کے لیے بہت بہتر ہے۔ ایک تو بازار سے ملنے والی چیزیں ہمارے ہاں بہت غیر معیاری ہوتی ہیں اور ساتھ میں صفائی ستھرائی کو اگر آپ دیکھ لیں تو الٹی اگر آپ کو نہ بھی آئے تو کم از کم دکھ ضرور ہو گا کہ کاش میں یہ سب چیزیں اپنے پیاروں کو گھر میں تیار کر کے نوش کرواتی ۔ تو آئیے یہ بالکل ہی آسان اور سستی ترین ڈشز سیکھتے ہیں۔

کچوریاں
اجزاء:قیمہ آدھا کلو، میدہ ایک کلو، میٹھا سوڈا ایک چائے کا چمچ، اجوائن آدھا چائے کا چمچ، نمک حسب ذائقہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، پیاز(باریک کاٹ لیں)دو عدد، لال مرچ(پسی ہوئی)ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا ایک کھانے کا چمچ، کالی مرچ(پسی ہوئی)آدھا چائے کا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہری مرچیں(باریک کٹی ہوئی)تین سے چار عدد، ہرا دھنیا ایک گڈی، لیموں کا رس دو کھانے کے چمچ اور تیل۔
ترکیب:سب سے پہلے قیمہ دھو کر چھلنی میں رکھ دیں۔پھر میدے میں نمک، میٹھا سوڈا ،اجوائن اور چار کھانے کے چمچ تیل ڈال کر اچھی طرح گوندھ لیں-پھر ململ کے گیلے کپڑے میں لپیٹ کر دس سے پندرہ منٹ کے لیے رکھ دیں- اب تیل گرم کریں اور اس میں قیمہ، ادرک، لہسن کا پیسٹ، کالی مرچ اور لال مرچ ڈال کر اتنی دیر پکائیں کہ قیمے کا اپنا پانی خشک ہوجائے-پھر ثابت دھنیا اور زیرہ ڈال کر دو سے تین منٹ تک مزید بھونیں-پھر چولھے سے اُتار کر اس میں پیاز، ہری مرچیں، ہرا دھنیا اور لیموں کا رس شامل کرکے، ٹھنڈا ہونے کے لیے رکھ دیں-کچوریوں کے لیے آٹے کے پیڑے بنائیں اور ہاتھ گیلا کر کے پیڑے کو ذرا سا پھیلالیں-ہر پیڑے میں ایک ایک چمچ قیمہ بھر کر اچھی طرح بند کردیں اور دس سے پندرہ منٹ کے لیے فریج میں رکھ دیں-کڑاہی میں تیل گرم کریں اور کچوریوں کو گولڈن براؤں ہونے تک ڈیپ فرائی کریں-

دہی بڑے

دہی بڑے
سامان اور وزن: دہی ایک کلو ، دال ماش ایک پائو، لہسن چھ جوئے، پیاز دو، ا درک آدھی چھٹانک، نمک اور لال مرچ حسب ذائقہ، زیرہ چائے کا ایک چمچہ ، سوڈا میٹھا ایک چمچہ، تیل ایک پائو، ہری مرچیں۔
ترکیب: دال کو چار گھنٹے پہلے بھگو دیں۔ پھر تین پانی سے دھوکر نتھارلیں۔ اس کے بعد سل پر باریک پیس لیں، لہسن، پیاز، ادرک اور ہری مرچیں باریک پیس لیں ۔ ان میں نمک ، سرخ مرچ اور سوڈا ملا لیں۔ کڑاہی می تیل کڑ کڑائیں ۔ تیل اُبلنے لگے تو بڑے (بھلے)بنا کر تل لیں۔ سرخ ہو جائیں تو نکال کر نمکین ٹھنڈے پانی میں ڈال دیں جب اچھی طرح نرم ہو جائیں تو چوڑ لیں۔ دہی پھینٹ کر اس میں پسا ہوا مسالا حل کر یں پھر اس میں بڑے ڈال دیں ۔ اوپر سے پسی ہوئی کالی مرچ ، ہرا دھنیا اورتھوڑا سا چاٹ کا مسالا چھڑک دیں۔

چکن والے پکوڑے

چکن والے گرما گرم پکوڑے
اجزاء : بون لیس چکن ایک پاؤ(چھوٹے کیوبز کرلیں) ،شملہ مرچ ایک پائو(باریک چوکور ٹکڑے کر لیں)،بند گوبھی ایک پائو (باریک کاٹ لیں)، گاجر ایک پائو (کدوکش کرلیں)،ہری پیاز ایک پائو، انڈےچار عدد، سویاساس 5 سے 6 چائے کے چمچ،نمک حسب ضرورت،لہسن، ادرک کا پیسٹ آدھا چائے کا چمچ،کالی مرچ(پسی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ، بیسن آدھا کلو اور تیل۔
ترکیب: سب سے پہلے چکن کیوبزمیں لہسن، ادرک کا پیسٹ، نمک، سویاساس اور کالی مرچ ڈال کر مکس کرکے میری نیشن کے لیے رکھ دیں۔اس دوران انڈے پھینٹ کر اس میں حسب ضرورت نمک، کالی مرچ، سویاساس ڈال کر اچھی طرح مکس کریں۔اب ایک باؤل میں تمام سبزیاں، دیگر اجزاء اور بیسن ڈال کر پانی سے گھول لیں۔آدھے گھنٹے تک میری نیشن کے لیے رکھ کے، اس کے بعد پکوڑے تل لیں۔

یہ بھی پڑھیں:  اسٹرابیری فرنچ ٹوسٹ

تحریر:ریحانہ