امریکہ کی سب سے کم عمر امیر ترین خاتون کی کامیابی کا رزا کیا ہے؟

EjazNews

امریکی نوجوان خاتون کائیلی جینز کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ وہ امریکہ میں سب سے کم عمر ارب پتی خاتون ہیں جنہوں نے اپنا کاروبار خود چلایا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے ان پر دولت کی بارش ہونے لگی۔ کائیلی جینز نہ صرف امریکہ بلکہ پوری دنیا میں محنت اور عزم و ہمت کی علامت بن گئی ہیں ۔ جینز نے چند برس قبل جس چھوٹی سی کمپنی کی بنیاد رکھی تھی وہ کاسمیٹکس اور میک اپ کا سامان بناتی ہے۔ اس نے کئی برس قبل 29ڈالر مالیت کی ایک ’’لپ کٹ‘‘ متعارف کرائی تھی جس میں مختلف رنگوں کی لپ سٹکس شامل تھیں۔ اس وقت سے یہ یہ صرف دوسال میں 630ملین ڈالر (تقریباً دس ارب روپے) کا کاروبار کر چکی ہیں جبکہ 2017ء میں کمپنی نے 33کروڑ ڈالر کمائے مجموعی طور پر یہ کمپنی اس وقت 80کروڑ ڈالر مالیت کی ہے۔

لیکن ذرا رکئے یہ تو جینز کی آمدنی اور کاروبار کا ایک حصہ وہ اپنے انٹرویو، ٹی وی شوز سے جو کماتی ہیں وہ اس کے علاوہ ہے۔ انہی حقائق کی بنیاد پر امریکی میگزین فوربس نے انہیں امریکہ کی نوجوان امیر ترین خاتون قرار دیا ہے۔ انہیں سیلف میڈ خاتون ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے بہت مختصر جمع پونجی سے کام شروع کیا اور پھر اسے باقاعدہ ایک انڈسٹریل کمپلیکس میں تبدیل کر دیا۔ جینز نے اپنی کامیابی کا راز ایک تو محنت ، عزم اور جدوجہد بتایا لیکن ان کے نزدیک ان کی کامیابی کا ایک اور بڑا راز سوشل میڈیا ہے جس کی بدولت بقول جینز کے انہیں اپنے صارفین اور چاہنے والوں تک رسائی حاصل ہے۔ وہ سوشل میڈیا کے ذریعے اپنے صارفین سے ہمہ وقت رابطہ میں رہتی ہیں اور اپنائیت کا یہ تعلق ان کے کاروبار کی توسیع میں اہم کر دار ادا کرتا ہے۔کہا جاتا ہے کہ انسٹا گرام پر ان کے 11کرو ڑ فالورز ہیں۔ ٹویٹرپر ان کی تعداد ڈھائی کروڑ ہے۔جینز کے بارے میں اور بھی کئی حیرت انگیز انکشافات سامنے آئے ہیں۔ جینز تقریباً ایک ارب ڈالر کی بزنس ایمپائر کی مالک ہیں لیکن کیا آپ یقین کریں گے کہ ان کا سارا کاروبار ی عملہ صرف 7کل وقتی اور 5جز وقتی ملازمین پر مشتمل ہے ۔ اپنی مصنوعات کی تیاری کا سارا کام انہوں نے پرائیویٹ کمپنیوں کو دے رکھا ہے جو ان کے لئے لپ سٹکس تیار کرتی ہیں اور انہی پیک کرتی ہیں۔ اس کاروبا ر میں جینز کی والدہ KRISبھی باقاعدہ ان کا ساتھ دیتی ہیں۔ اور اس کا معاوضہ بھی لیتی ہیں ۔ ان کی والدہ کے بارے میں مشہور ہے کہ وہ کافی تیز طرار اور چالاک خاتون ہیں۔ جینز شادی شدہ ہیں اور ان کی ایک کمسن بیٹی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  کشمیری مسلمانوں کاقتل عام اور جنگ آزادی کا آغاز