سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاﺅن کی 460ارب کی پیشکش قبول کرلی

EjazNews

سپریم کورٹ نے بحریہ ٹاﺅن کی جانب سے 460ارب کی پیشکش قبول کرلی ہے۔ جسٹس شیخ عظمت سعید پر مشتمل تین رکنی بینچ نے بحریہ ٹاﺅن عملدرآمد کیس کی سماعت کے دوران بحریہ ٹاﺅن کراچی کی پیشکش قبول کرلی جس کے تحت بحریہ ٹاﺅن انتظامیہ کو 7سال میں 460ارب روپے کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ بحریہ ٹاﺅن 27اگست تک 25ارب کی ڈاﺅن پیمنٹ کرے گا اور پہلے چار سال میں ڈھائی ارب روپے ماہانہ اور باقی رقم تین سال میں ادا کی جائے گی۔جیو نیوز کے مطابق بحریہ ٹاﺅن اقساط کی پہلی ادائیگی کی صورت ڈھائی ارب روپے کی پہلی قسط یکم اگست کو دے گا۔
سپریم کورٹ نے قرار دیا ہے کہ بحریہ ٹاﺅن اگر اقساط کی ادائیگی میں تاخیر کرے گا تو اسے 4فیصد سود ادا کرنا ہوگا۔ رقم عدالت میں جمع ہوگی پھر اس کو قانون کے مطابق جس کو دینی ہے دیں گے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ رقم کی ادائیگی سے متعلق بحریہ ٹاﺅن کے ڈائریکٹر بیان حلفی عدالت میں جمع کرائیں۔
سپریم کورٹ نے کیس کے متعلقہ لوگوں کے خلاف قومی احتساب بیورو کو ریفرنس دائر کرنے سے بھی روک دیا اور کہا کہ اگر بحریہ ٹاﺅن والے ڈیفالٹر ہوئے تو ریفرنس دائر کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے نیب کو پہلے سے تیار ریفرنس کو بھی دائر کرنے سے روک دیا اور کہا کہ کوئی بھی ریفرنس دائر کرنے سے پہلے عدالت کو الگ درخواست دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں:  14اپریل کو فیصلہ کریں گے کہ کون سے سیکٹر کھولنے ہیں:وزیراعظم