Imran khan

100ارب روپے قبائلی علاقوں کی ترقی کیلئے خرچ ہوں گے: وزیراعظم عمران خان

EjazNews

وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قبائلی علاقوں کی ترقی کے اپنے وعدے کی تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔ قبائلی علاقے کے عوام بے مثال ترقی دیکھیں گے، ترقیاتی پروگرام کے لیے کاآغاز باجوڑ سے شروع ہو رہا ہے۔ حکومت قبائلی علاقوں کی ترقی کے لیے پر عزم ہے۔
یاد رہے کہ تین روز قبل باجوڑ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ جنگوںکی وجہ سے قبائلیوں کا بہت نقصان ہوا ہے لیکن ہر مشکل کے بعد آسانی پیدا ہو تی ہے۔ انشاءاللہ قبائلی علاقوں کا آسانی کا وقت شروع ہوگیا ہے۔ ساتھ میں انہوںنے تمام صوبوںسے بھی کہا تھا کہ وہ اپنے ان بھائیوں کو جو پیچھے رہ گئے ہیں برابر لانے کے لیے این ایف سی ایوارڈ میں سے 3فیصد دیں۔
اگر دیکھا جائے تو وزیراعظم کا یہ فیصلہ بہت ٹھیک ہے کیونکہ آپریشن ضرب عضب کے بعد اور اس سے پہلے یہاں کوئی کاروبار تو تھا ہی نہیں اور اس کے بعد ایک پولیٹیکل ایجنٹ کے تحت علاقے چلائے جارہے تھے اب قبائلیوں کواپنے حقوق کے ساتھ ساتھ ڈویلپمنٹ کا کام کر کے دینا ایک اچھی بات ہے۔ ساتھ ساتھ اس بات کا بھی خیال رکھا جائے کہ سابق حکومتوں کی طرح اپنا سارا فوکس صرف اور صرف ایک طرف ہی مبذول نہ کیا جائے کیونکہ اس طرح بہت سے علاقے پیچھے رہ جاتے ہیں یا پھر جو آگے ہیں وہ مسائل کا شکار ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔ سابق حکومت کے بجٹوں کی تفصیلات جب ہم دیکھتے ہیں تو ہمیں اندازہ ہو تا ہے کہ لاہور پر اتنا زیادہ پیسہ خرچ ہوا کہ پنجاب کے دوسرے شہر وہاں رہنے کی بجائے لاہور کوترجیح دینے لگے جس کی وجہ سے وہاں کی آبادی بڑی تیزی سے اور بے ہنگم طریقے سے بڑھنا شروع ہو ئی۔ یہ خوش آئند بات ہے کہ وزیراعظم نے اپنے ایک بیان میں اس با ت کا بھی اظہار کیا ہے کہ ہم شہروں کو اوپرجانب اٹھانے پر زیادہ توجہ دیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:  2سال میں 30کروڑ پودے لگائے ہیں،ہدف 10ارب پودے لگانے کا ہے:وزیراعظم