کیا آپ جانتے ہیں خوشی میں وقت بہت تیزی سے کیوں گزرتا ہے؟

EjazNews

کیا کبھی ایسا ہوا ہے جب آپ بہت خوش ہوں اور کسی من پسند سرگرمی کا حصہ ہوں تو ایسا محسوس ہو کہ وقت تو پر لگا کر گزر رہا ہے جبکہ جب بیزار یا اداس ہو ں تو وقت کاٹنا مشکل ہو جاتا ہے؟ اگر ہاں تو آپ اکیلے نہیں ۔ایسا کروڑوں افراد کے ساتھ ہوتا ہے اور اس کی وجہ آپ کا دماغ ہے۔ یہ دعویٰ امریکہ میں ہونے والی ایک نئی طبی تحقیق کے بعد سامنے آیا ہے۔ کولمبیا یونیورسٹی کی تحقیقی کے مطابق ہمارا دماغ وقت گزرنے کے احساس کو مختلف رفتار سے پیش کرتا ہے اور اس کا انحصار ہماری مصروفیت یا بیزاری پر ہوتا ہے مثال کے طور پر جب آپ کوئی ایسا کام کر رہے ہیں جو مخصوص وقت میں کرنا ہو یا کسی پیچیدہ مقصد کو حاصل کرنا چاہتے ہوں تو وقت اڑتا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ اسی طرح گیم کھیلتے ہوئے ، کسی اچھی فلم کو دیکھتے ہوئے یا کتاب کا مطالعہ کرتے ہوئے بھی وقت کو پر لگ جاتے ہیں۔ اس دوران دماغ مختلف منظر ناموں کو دیکھتا ہے جس کے نتیجے میں لگتا ہے کہ جیسے وقت کو پر لگ گئے ہیں اور اس کے برعکس جب آپ بیزار ہوتے ہیں تو دماغ کے لیے وقت کی رفتار سست ہو جاتی ہے۔ محققین کے مطابق دماغ میں وقت کے حوالے سے مختلف میکنزم ہوتے ہیں، جن میں سے ایک میکنزم رفتار کا ہے جو کہ دماغی خلیات کو متحرک کر کے کسی سرگرمی کے لیے نیٹ ورک کو تشکیل دیتا ہے۔ یہ خلیات جتنی تیزی سے اپنا راستہ بناتے ہیں، اتنا ہی ہمیں وقت تیزی سے گزرتا محسوس ہوتا ہے۔ محققین کا کہنا تھا کہ یہ واضح نہیں کہ ہمارا دماغ وقت کو ٹریک کرنے کے حوالے سے زیادہ درست کام کیوں نہیں کرتا مگر اس کا بھی ہمیں فائدہ ہوتا ہے ،انہوں نے بتایا کہ زندگی میں مختلف واقعات پیش آتے ہیں اور جب آپ ماضی میں پلٹ کر دیکھیں تو ہماری یادیں مختلف طریقے سے کام کرتی ہیں۔ مثال کے طور پر اگر آپ کسی طویل پرواز کو ذہن میں لائیں، مگر آپ ہمیشہ طویل پروازوں کا حصہ بنتے رہے ہیں تو آپ کو وہ بہت تیزی سے یاد آئے گی۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ عمر کے ساتھ وقت کی رفتار زیادہ تیزی سے گزرتی محسوس ہونے لگتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  چاکلیٹ بہت سے امراض سے بچائو بھی کرتی ہے
کیٹاگری میں : صحت