ہنسناصحت افزا ہے

EjazNews

آج کل کی مصروف ترین زندگی میں اپنے لیے وقت نکالنا بھی ایک ہنر ہے۔ کبھی لوگ اپنے کاموں سے فارغ ہو کر مل بیٹھتے تھے شاید کچھ جگہوں پر ابھی بھی ایسا ہے لیکن زیادہ تر ایسا نہیں ہے۔ زندگی کی دوڑ دن بدن بڑھتی ہی جارہی ہے اور انسان مصروف سے مصروف تر ہوتا جارہا ہے۔اس مصروف زندگی میںسے کچھ وقت اپنے لیے نکالنا جوئے شیر لانے کے مترادف ہوتا جارہا ہے۔ ڈاکٹر بیٹھ کر کام کرنے والے لوگوں کو تلقین کرتے ہیں کہ خدارا اپنے لیے وقت نکالیں اور دن میں ایک گھنٹہ ورزش ضرور کریں۔جواب وہی ملتا ہے ٹائم نہیں لیکن ایک کام ہے جو اس مصروف زندگی میں آپ چلتے پھرتے بھی کرسکتے ہیں۔ بیٹھے بھی کرسکتے ہیں ۔ مسکرا سکتے ہیں،کھل کھلاکر ہنس سکتے ہیں۔ قہقہے لگا سکتے ہیں۔ آئیے ہم آپ کو ہنسنے کے بارے میں بتاتے ہیں کہ یہ ہنسی آپ کے لیے کتنی فائدہ مندہے۔
ہنسنا ایک ایسا درخشا ں وصف ہے جو جانداروں میں سے صرف انسان کے پاس ہے ۔ ہنسنا ، مسکرانا غصہ پر فتح حاصل کراتا ہے۔ جو انسان ہمیشہ خوش رہتا ہے وہ سب کو پیارا لگتا ہے۔
ڈپریشن کے اس دور میں تندرست رہنا ہے تو دل کھول کر ہنسیں ، ہر روز آئینے کے سامنے ، پارک میں یا جوجگہ آپ کو سامنے لگے وہاں پر پانچ منٹ مختلف انداز میں ہنسنے کی مشق کریں۔
ہنسنے سے ذہنی تنائو دور ہوتا ہے اور دل کو تسکین ملتی ہے ، دل کے امراض سے حفاظت ہوتی ہے۔
ہنسنے سے آپ کے ذہنی سکون کے ساتھ ساتھ جسمانی خدوخال پر بھی فرق پڑتا ہے۔ چہرہ خوبصورت بنتا ہے، کھل کھلا کر ہنسنے سے پیٹ کی بہت سی خرابیاں دور ہو جاتی ہیں ،اس لیے دن میں کم سے کم تین بار کھل کھلا کر ہنسیں۔
کوشش کیجئے کہ بات کرتے ہوئے، چلتے ہوئے، بیٹھے ہوئے، کھڑے ہوئے اور ہر وقت آپ اپنے چہرے پر مسکراہٹ رکھیں۔اس سے آپ ہمیشہ مثبت رہیں گے۔ کیونکہ مسکرانے کی رسائنسی کیمیکل بناوٹ میں اس طرح کی تبدیلی ہو جاتی ہے کہ تنائو میں رہنا ناممکن ہو جاتا ہے۔
مسکرا کر جن کو غم کا زہر پینا آگیا
یہ حقیقت ہے جہاں میں ان کو جینا آگیا

یہ بھی پڑھیں:  صرف دس منٹ کیلئے یوگا کیجئے ،اپنی صحت کیلئے