پھلوں کے فوائد

پھلوں کو زندگی کا حصہ بنائیں اور صحت مند زندگی گزاریں

EjazNews

پھل اور میوے انسان کی قدرتی غذا ہیں اور ان میں ہر قسم کے پرورشی مادے بکثرت موجود ہیں ۔ اگر انسان اعتدال کو مدنظر رکھتے ہوئے اس قدرتی غذا پر اکتفا کرے تو کوئی بیماری اس کے پاس نہیں آتی بلکہ اگر کوئی بیماری پیدا ہو تو اس کا ازالہ بھی پھلوں اور میوہ جات وغیرہ سے ہو سکتا ہے۔ گویا پھل اور میوے وغیرہ غذا کی غذا اور دوا کی دوا ہیں۔وہ دوائیں جو انسان بطور علاج استعمال کرتا ہے ان میں سے زیادہ تر بد ذائقہ، کڑوی، تیز اور بعض زہریلی ہوتی ہیں۔ ان تیز دوائو ں کے استعمال سے معدہ کے اندرونی جھلی اور باریک رگوں پر برا اثر پڑتا ہے اور بعض اوقات یہ اعصاب کو بھی نقصان پہنچاتی ہیں۔اس کے برخلاف پھل خوش ذائقہ اور طبیعت کے موافق ہوتے ہیں یہ اعضاء بدن اور دیگر اعضاء کو طاقت دیتے ہیں۔
چھوٹے بچوں کی حقیقی غذا ماں کے دودھ کے بعد میوے اور پھل ہیں اگر ان کو گوشت یا دیگر مصنوعی غذائوں کی عادت نہ ڈالی جائے تو ہر عمر کے بچوں کے لئے پھلو ں سے بہتر کوئی غذا نہیں ہے۔ بچوں کے امراض میں جن ادویہ کی ضرورت ہوتی ہے وہ بھی پھلوں سے پوری کی جاسکتی ہیں۔ زیاد ہ تر دوائیں انسانی بدن سے غیر مالوف ہیں اور بچوں کی صحت اور تندرستی پر مضر اثر ڈالتی ہیں۔ بچے مصنوعی خوراکوں کے مقابلہ میں پھلوں کو ترجیح دیتے ہیں اور انہیں نسبتاً زیادہ پسند کرتے ہیں۔شیریں پھل جو سور ج کی حرارت سے پکتے ہیں ان کے اندر شکر اور دوسرے طاقتور اجزاء پائے جاتے ہیں۔ ان میں زیادہ حصہ پانی کا ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ چکنائی بھی ہوتی ہے۔ بعض پھلوں میں نشاستہ اور شکر زیادہ ہوتی ہے جو شکر پھلوں میں پائی جاتی ہے وہ دوسری قسم کی شکر کے مقابلہ میں زیادہ لذیز اور زود ہضم ہوتی ہے اور جسم کی نشوونما اور طاقت دینے میں بہت مفید ہوتی ہے۔ جسم کو خاص طور پر حرارت اور طاقت بخشتی ہے ، مصنوعی شکر اور شیرینیاں بدن میں جوش اور تحریک پیدا کرتی ہیں جن کو بکثرت استعمال کرنے سے ہمیشہ مہلک اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ اس کے برعکس پھلوں وغیرہ میں موجود شکر اور شیرینی انسانی جسم کے لئے اصلی طاقت اور قوت فراہم کرتے ہیں۔
شیرینی کے علاوہ بعض پھلوں میں نمک اور ترشی کا مادہ بھی ہوتا ہے ان میں فاسفورس بھی بکثرت پائی جاتی ہے۔ یہ سب سے زیادہ طاقتور چیز ہے،جن لوگوں کو خون کی خرابی کی وجہ سے کمزوری لاحق ہو جاتی ہے ان کے لئے ان پھلوں کا استعمال نہایت مفید ہوتا ہے ،ان کے اندر جو ترشی پائی جاتی ہے خواہ وہ کسی قسم کی ہو، ہمیشہ مفید ثابت ہوتی ہے اور کسی بھی طرح نقصان نہیں دیتی ۔
سرخ رنگ کے پھلوں میں فولاد کی کافی مقدار پائی جاتی ہے۔ خاص درختوں اور نباتات کے اجزاء میں گندھک یعنی سلفر، فاسفورس وغیرہ کے اجزاء بھی پائے جاتے ہیں۔ اگر انسان سوچ سمجھ کر اس قسم کے پھلوں کا انتخاب کرے تو اس سے خون صاف ہوتا ے اور اکثر امراض کا ازالہ ہو جاتا ہے۔ پھل اور سبزیاں بطور غذاہی نہیں بطور دوا بھی استعمال کیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  آپ کی صحت مند زندگی کیلئے آملہ کے فوائد