وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے فوج کو اختیار دے دیا ہے کہ وہ کسی قسم کی جارحیت کی صورت میں بھرپور جواب دیں۔
وزیراعظم کی زیرصدارت ہونے والے اجلاس کا اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق پاکستان کسی طور پر بھی پلوامہ حملے میں ملوث نہیں۔پلوامہ حملہ بھارت کے اندر مقامی سطح پر پلان ہوا ہے۔کمیٹی کا کہنا تھا کہ بھارت کو سوچنا ہوگا کہ کشمیرمیں تشدد کی کارروائیوں سے یہ رد عمل آرہا ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ اگر پاکستان کی سرزمین استعمال کرنے میں کوئی بھی شخص پایا گیا تو اس کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دہشت گردی پاکستان کے لیے براہ راست خطرہ ہے پاکستان نے 70ہزارسے زائد انسانی جانوں کی قربانی اور بھاری مالی نقصان اٹھایا ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ نیا پاکستان ہے۔ہم پر عزم ہیں،ریاست عوام کے تحفظ کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔کسی بھی قسم کی طاقت کا استعمال صرف ریاست کا استحقاق ہے۔
