تاریخ میں کبھی اتنا بڑا سعودی وفد پاکستان نہیں آیا:وزیر خارجہ

EjazNews

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تاریخ میں کبھی اتنا بڑا سعودی وفد پاکستان نہیں آیا ہوگا، امید ہے کہ سعودی ولی عہد کے دورے میں مفاہمت کی 8 یادداشتوں پر دستخط ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ جب حکومت میں آئے تو سعودی عرب کے ساتھ تعلقات سردمہری کا شکارتھے، سعودی عرب کے ساتھ تعلقات نئے دور میں داخل ہورہے ہیں، سعودی ولی عہد 2 روزہ دورے پر پاکستان آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے پاکستان کو ادائیگیوں کے توازن کیلئے 3 ارب ڈالر کی خطیر رقم دی، سعودی عرب نے 3 سال کیلئے مؤخر ادائیگیوں پر تیل فراہم کیا، سعودی عرب پاکستانی افرادی قوت کیلئے بھی تعاون فراہم کررہا ہے، معاملات کو بہتر انداز میں چلانے کیلئے کوآرڈینیشن کونسل تشکیل دی جائے گی، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم عمران خان کونسل کی سربراہی کریں گے، دیگرعرب ممالک سے بھی تجارتی پارٹنرشپ قائم ہورہی ہے۔
شاہ محمود قریشی نے سعودی ولی عہدے کے دورہ پاکستان پر ایران کے ردعمل کے حوالے سے کہا کہ ایران ایک خود مختار ملک ہے، ایران کو اسلامی فوجی اتحاد میں شمولیت کیلئے پاکستان کی وکالت کی ضرورت نہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر کسی کا دباؤ نہیں، سعودی ولی عہد کے دورے سے ایران خوش ہوگا خفا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  زندگی میں ہر اختتام کی نئی شروعات ہوتی ہے