وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

EjazNews

ڈائون نیوز کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان ٹیلی ویژن ( پی ٹی وی) حملہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسفزئی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ہیں۔اسلام آباد میں انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج کوثر عباس زیدی نے پی ٹی وی حملہ کیس کی سماعت کی۔عدالت نے مسلسل عدم حاضری پر شوکت یوسفزئی کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور انہیں گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پی ٹی وی حملہ کیس کی سماعت میں عدم حاضری پر پاکستان تحریک انصاف کے 26 کارکنان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

پی ٹی وی حملہ کیس

2014 میں اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنے کے دوران مشتعل افراد نے یکم ستمبر کو پی ٹی وی ہیڈ کوارٹرز پر حملہ کردیا تھا، جس کی وجہ سے پی ٹی وی نیوز اور پی ٹی وی ورلڈ کی نشریات کچھ دیر کے لیے معطل ہوگئی تھیں۔حملے میں ملوث ہونے کے الزام میں تقریباً 70 افراد کے خلاف تھانہ سیکرٹریٹ میں پارلیمنٹ ہاؤس، پی ٹی وی اور سرکاری املاک پر حملوں اور کار سرکار میں مداخلت کے الزامات کے تحت انسداد دہشت گردی سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری پر اسلام آباد کے ریڈ زون میں توڑ پھوڑ اور سرکاری ٹی وی پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر حملے سمیت سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) اسلام آباد عصمت اللہ جونیجو کو زخمی کرنے کا الزام ہے۔پی ٹی وی اور پارلیمنٹ حملہ کیس میں عمران خان اور ڈاکٹر طاہر القادری کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے۔
خیال رہے کہ گزشتہ برس فروری میں عدالت نے شیریں مزاری کو اس کیس میں بے قصور قرار دے دیا تھا۔بعدازاں ستمبر 2018 میں انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دھرنے کے دوران بننے والے 3 مقدمات میں وزیراعظم عمران خان کی مستقل حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے آخری میچ جیت لیا اور ٹورنامنٹ سے باہر ہو گئی