آئی ایم ایف سے معاہدے کے بہت قریب پہنچ چکے ہیں: اسد عمر

EjazNews

وزیر خزانہ نے پشاور چیمبر آف کامرس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دبئی میں آئی ایم ایف کی سربراہ کی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات ہوئی اور انشااللہ اچھا معاہدہ ہو جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے اپنی پوزیشن بدل لی ہے اور ہم ان سے معاہدے کے بہت قریب پہنچ گئے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ اس کو آخری معاہدہ بنائیں لیکن یہ آخری معاہدہ اسی وقت بنے گا جب ہم تجارت بڑھائیں، آپ کا کاروبار بڑھے گا اور آپ ترقی کریں گے۔ انہوں نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں پہاڑوں پر انڈسٹری نہیں لگ سکتی لہٰذا یہاں کے مقامی لوگوں کو گھروں کے پاس نوکریاں اور کاروبار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ہم سیاحت کو فروغ دیں۔وزیر خزانہ کا کہنا تھاکہ ہم سب نے دنیا دیکھی ہے اور اتنے خوبصورت مقامات دنیا میں کہیں بھی نہیں ہیں، خصوصاً خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان اللہ تعالیٰ کی خصوصی نعمت ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ ملائیشیا کی سیاحت سے سالانہ آمدن 22 ارب ڈالر ہے، ترکی 44 ارب ڈالر ہے اور اسی وجہ سے وزیر اعظم سیاحت پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں جس سے ملک میں آمدنی بھی آئے گی اور روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں مشرقی اور مغربی ممالک سے تعلقات بہتر کر کے تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔ بھارت میں تو انتخابات تک کسی بہتری کی امید نہیں لیکن مغربی ممالک جیسے ایران اور افغانستان کے ساتھ ہمیں اپنی بھرپور قوت کے ساتھ تجارت بڑھانے کی ضرورت ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  بچوں کے ساتھ جنسی زیادتی اور قتل کے مجرموں کو سرعام پھانسی کی قرار داد منظور،اپوزیشن اور حکومتی وزیروں کی مخالفت