bilawal

27دسمبر کو ہمارے ساتھ 72 لوگ ہوں یا 72 ہزار ہم لیاقت باغ جائیں گے:بلاول بھٹو زرداری

EjazNews

نیب راولپنڈی نے بلاول بھٹو زرداری کو 24 دسمبر کو طلب کیا ہے ۔ اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری نے ایک پریس کانفرنس کی ۔ بلاول ہاﺅس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نیب نے طلبی کا غیر قانونی نوٹس بھیجا ہے، 24 دسمبر کو کس بنیاد پر نیب نے طلب کیا ہے؟ ۔میری بے گناہی کے بارے میں سابق چیف جسٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ بلاول بےگناہ ہے ۔تو کیوں بلایا جارہا ہے، حکومت اپوزیشن کی آواز دبانے کی کوشش کر رہی ہے اور اس کا لیول یہ ہے کہ ایک بیٹے کو ماں کی برسی منانے نہیں دے رہی جبکہ 24 دسمبر کو نیب کے سامنے پیش نہیں ہوں گا۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی مثبت تنقید بھی برداشت نہیں کی جارہی، ہم سے سیاست کرنے کا حق چھینا جارہا ہے، حکومت اپوزیشن کے خلاف سازش کر رہی ہے اور اپوزیشن کے خلاف جھوٹے کیسز بنائے جارہے ہیں جبکہ حکومت عوام اور اپوزیشن کو ہراساں کرنا چاہتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  دی ہنڈرڈ لیگ: کرکٹ کے کھیل کو مزید سنسنی بنانے کی کوشش

انہوں نے کہا کہ پہلے بھی نیب کے سامنے پیش ہوتا رہا ہوں اور نیب کے سامنے پیش ہو کر سوالات کے جواب دئیے تھے، لیکن کیا خیبر پختونخوا کے کسی وزیر کو نیب کا نوٹس ملا؟ عمران خان کے خلاف نیب کے مقدمات زیر التوا ہیں، ملک میں آمرانہ طرز عمل سے حکومت چلائی جارہی ہے جبکہ ایک جرم بھی ثابت نہیں ہوتا اور کیسز بنائے جاتے ہیں۔پیپلز پارٹی قانون کی حکمرانی تسلیم کرتی ہے، وہ پہلے کبھی دباو میں آئی نہ آئے گی، کسی کی دھمکیوں کے سامنے پہلے جھکے نہ اب جھکیں گے، 27 دسمبر کو بی بی شہید کی برسی لیاقت باغ راولپنڈی میں منائیں گے ۔جبکہ ہمارے ساتھ 72 لوگ ہوں یا 72 ہزار ہم لیاقت باغ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیب آمر کا بنایا ہوا کالا قانون ہے جسے ہم نہیں مانتے جبکہ ہم پر کیا دباو ہے ۔اس کا سب کو علم ہے، کسی ایک معاملے سے متعلق دباو نہیں لیکن بےنظیر اور ذوالفقار علی بھٹو شہید کے فلسفے پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اگر ہمت رکھتے ہو تو مجھے گرفتار کر لو اور اگر گرفتار ہوا تو زیادہ خطرناک ہوجاوں گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت کا راج قبول نہیں جس میں عوام پریشان ہیں، حکمرانوں میں عوامی مسائل حل کرنے کی صلاحیت نہیں جبکہ وہ قانون سازی میں بھی سنجیدہ نہیں، سیاسی یتیموں کو بتا دوں کہ اگلا سال الیکشن کا ہے اور آئندہ الیکشن میں سیاسی یتیموں کا وقت پورا ہو جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:  پنجاب کے دیہی علاقوں پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں:وزیراعلیٰ پنجاب

اپنا تبصرہ بھیجیں