shabaz-sharif

شہباز شریف، حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کے اثاثے منجمد

EjazNews

میا ں شہباز شریف کو گزشتہ برس 5 اکتوبر کو آشیانہ کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔تاہم رواں سال فروری میں لاہور ہائی کورٹ نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں شہباز شریف کی ضمانت منظور کرتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا۔11جون 2019 کو مسلم لیگ (ن) کے نائب صدر اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو بھی قومی احتساب بیورو نے منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثوں کے مقدمات میں گرفتار کیا تھا۔شہبازشریف اپنے بڑے بھائی میاں نواز شریف کے علاج کیلئے پاکستان سے باہر ہیں اور حمزہ شہباز نیب کی تحویل میں ہیں۔
اب نیب کی جانب سے جو احکامات جاری کیے گئے ان میں لاہور، چنیوٹ، ہری پور اور ایبٹ آباد میں موجود اثاثوں کو منجمد کرنے کا کہا گیا۔نیب کے مطابق یہ احکامات 15 روز کے لیے برقرار رہیں گے، جس کے دوران نیب ان کی تصدیق کے لیے متعلقہ احتساب عدالت میں درخواست دائر کرے گا۔ساتھ ہی یہ بھی کہا گیا ہے کہ کوئی بھی محکمہ شہباز شریف خاندان کی جائیدادیں فروخت یا منتقل کرنے کا مجاز نہیں ہوگا۔
نیب کی جانب سے 6 احکامات جاری کیے گئے، جس میں ہر ایک میں شہباز شریف، حمزہ اور سلمان شہباز کی الگ الگ جائیدادوں کا ذکر کیا گیا ہے۔
نیب کے مطابق شہباز شریف نے لاہور، ایبٹ آباد اور ہری پور میں متعدد جائیدادیں اپنی بیویوں نصرت شہبازاور تہمینہ درانی کے نام پر حاصل کیں، جنہیں اب منجمد کردیا گیا ہے جبکہ حمزہ شہباز اور سلمان شہباز نے بھی لاہور اور چنیوٹ میں کئی جائیدادیں لیں، جنہیں اب نیب کی جانب سے منجمد کیا گیا ہے۔
مختلف نشریاتی اداروں پر چلنے والی خبروں کے مطابق نیب جن جائیدادوں کا کہہ رہی ہے وہ تقریباً تمام ہی رہائشی علاقوں میں ہیں۔
سب سے اہم بات ہے کہ نیب کیس تو کھول لیتی ہے لیکن اگر دیکھا جائے تو ان وی آئی پی شخصیات میں آج تک کسی ایک پر بھی کچھ ثابت نہیں کیا جاسکا۔ علیم خان کو پکڑ کر ان پر کیا ثابت کیا گیا ، میاں شہبازشریف پر آج تک کچھ ثابت نہیں ہوسکا، مریم نواز پر ، آصف زرداری ، فریال تالپور پر کیا کچھ آج تک ثابت ہو سکا ہے کہ یہ کرپٹ ہے۔ صرف ملک میں افراتفری کے سوا کچھ ثابت نہیں ہوسکا۔
عدالتیں چونکہ مفروضوں پر یقین نہیں رکھتیں ، عدالتوں کو ثبوت چاہئے ہوتے ہیں ۔اس کا عملی ثبوت ہم نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع پر بھی دیکھا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:  بھارت سے فضائی اور زمینی راستے پاکستان آنے والے مسافروں پر پابندی عائد

اپنا تبصرہ بھیجیں