fish carry

مچھلی کا سالن

EjazNews

سامان اور وزن:
مچھلی ایک کلو، پیاز آدھ پاﺅ، گھی آدھ پاﺅ، لہسن بارہ جوئے، ادرک آدھی چھٹانک، لال مرچ اور نمک حسب ذائقہ، ہلدی چائے کا آدھا چمچہ، دھنیا پسا ہوا دو چمچے چائے کے۔
ترکیب:
مچھلی کو نمک لگا کر ایک گھنٹے کے لیے رکھ دیں۔ پھر اس کودھو لیں۔ ایک چھٹانک کے قریب بیسن اس کے اوپر مل دیں۔ بیس منٹ تک پڑا رہنے دیں۔ اس کے بعد اچھی طرح مل مل کر دھولیں اور اس پر پسی ہوئی ادرک، لہسن اور ہلدی لگا کر مزیدآدھ گھنٹے کے لیے رکھ دیں ۔ دیگچی میں گھی کڑ کڑائیں۔پیاز کے باریک لچھے اور لہسن کے دو جوئے بادامی رنگ پر تل لیں۔ دھنیا اور لال مرچ ڈال کر بھون لیں۔ ایک چٹکی زیرہ بھی ڈال سکتے ہیں۔ جب یہ مسالا بھن جائے تو اس میں مچھلی ڈال کر بھون لیں۔ مچھلی مسالے میں ہی گل جائے گی۔ اگر پسند ہو تو کوئی سبزی ابال کر ڈال دیں۔ ورنہ بھون کر ہرا مسالا ڈال کردم پر لگا دیں۔ شوربا رکھنا ہو تو بھوننے کے بعد تھوڑا پانی ڈال دیں اور پکنے دیں۔
دوسری ترکیب:
مچھلی کے سلائس ڈبل روٹی کی طرح کاٹ لیں اور ان پر نمک لگا کر ایک گھنٹا پڑا رہنے دیں پھر بیسن یا آٹا مل کر اچھی طرح دھو لیں اس کے بعد چھنی میں ڈال دیں تاکہ پانی نکل جائے۔ لہسن پیس لیں۔ اس میںنمک، لال مرچ، ہلدی دھنیا اور گرم مسالا ملا لیں۔ تھوڑا سا پانی ڈال کر حل کر لیں۔ اب یہ مسالا مچھلی کے ٹکڑوں پر لیپ کی طرح لگا دیں اور کم از کم چارگھنٹے پڑا رہنے دیں۔ دیگچی میں گھی کڑ کڑائیں۔ اس میں پیاز کے باریک لچھے تل لیں۔ چار جوئے لہسن کے بھی چھیل کر تل لیں۔ بادامی ہو جائیں تو مچھلی کے اوپر سے مسالے کا لیپ اتار کر اسی گھی میں بھون لیں ۔ پسا ہوا زیرہ اور ادرک بھی بھون لیں۔ اب اس میں دہی پھینٹ کر ڈال دیں۔ جب مسالا گھی چھوڑ دے تو مچھلی ڈال دیں اوراتنا بھونیں کہ مچھلی ادھ گلی ہو جائے پھر اس میں پانی ڈال دیں اور ہلکی آنچ پر پکنے دیں۔ حسب مرضی شوربا رکھ کر، ہرا دھنیا ڈال کر،دم پر رکھ دیں۔

یہ بھی پڑھیں:  ناچوس کیسرول

اپنا تبصرہ بھیجیں