azhar ali+t20

آسٹریلیا کیساتھ3ٹی ٹونٹی اور دوٹیسٹ میچوں کیلئے ٹیم کا اعلان

EjazNews

چیف سلیکٹر مصباح الحق نے پریس کانفرنس میں ٹیم کا اعلان کردیا ہے۔ان کا کہناتھا کہ ایسی ٹیم تشکیل دینے کی کوشش کی گئی ہے جس سے آسٹریلیا کو چیلنج دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ یقین ہے کہ جس ٹیم کو منتخب کیا ہے وہ آسٹریلیا میں بہتر کارکردگی دکھائے گی۔
مصباح الحق نے ٹیم کے اعلان سے قبل ہی سرفراز کو کپتانی سے ہٹائے جانے پر میڈیا رپورٹس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ سرفراز کے حوالے سے ان کی پی سی بی کے منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) وسیم خان کے ساتھ تفصیلی بات ہوئی مگر آئینی طور پر حتمی فیصلہ چیئرمین بورڈ کو ہی کرنا ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین نے جو فیصلہ کیا ہے وہ سرفراز کی کارکردگی اور ان پر موجود دباؤ کے باعث کیا۔ سرفراز کی پاکستان کے لیے خدمات کے وہ معترف ہیں لیکن جو بھی فیصلہ کیا گیا وہ ان کی پرفارمنس کو دیکھتے ہوئے کیا گیا۔ان کا کہنا تھا سرفراز ڈومیسٹک کرکٹ کھیلیں اور جیسے ہی ان کی پرفارمنس بحال ہو گی تو ان کے لیے واپسی کے دروازے کھلے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیم کا انتخاب حالیہ ڈومیسٹک میچوں میں ٹیموں کے ساتھ موجود کوچز اور سلیکٹرز کے ساتھ بات چیت کے بعد کیا گیا۔
مصباح الحق نے کہا کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ تک ہمارے پاس بہتر ٹیم بنانے کا وقت ہے، اسی لیے حکمت عملی یہ بنائی ہے کہ اچھی کرکٹ کھیلیں۔انہوں نے کہا کہ امام الحق کی ٹی ٹونٹی میں شمولیت کی وجہ ان کی ڈومیسٹک پرفارمنس ہے،ساتھ فخر زمان کو رکھا ہے اور اس کی جوڑی بابر کے ساتھ رکھی ہے۔ منتخب کھلاڑیوں نے ڈومیسٹک میں بھی اچھا پرفارم کیا ہے ،عثمان قادر کو شاداب خان کے بیک اپ کے طور پر لائے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد یونائیٹڈ نے میدان مار لیا۔ آخری بال تک لڑے اور جیت حاصل کی
پی سی بی کی جانب سے جاری ہونے والی کھلاڑیوں کی فہرست

تینٹی ٹونٹی میچز کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم میں: بابر اعظم (کپتان)، آصف علی، فخر زمان، حارث سہیل، افتخاب احمد، حماد وسیم، امام الحق، خوش دل شاہ، محمد عامر، محمد حسنین، محمد عرفان، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسیٰ خان، شاداب خان، عثمان قادر اور وہاب ریاض شامل ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف دو ٹیسٹ میچوں کے لیے 16 رکنی قومی ٹیسٹ ٹیم میں، اظہر علی(کپتان)، عابد علی، اسد شفیق، بابر اعظم، حارث سہیل، امام الحق، عمران خان سینئر، افتخار احمد، کاشف بھٹی، محمد عباس، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، موسی خان، نسیم شاہ، شاہین شاہ آفریدی، شان مسعود اور یاسر شاہ شامل ہیں۔
یاد رہے:دورہ آسٹریلیا کے لیے سرفراز احمد کو دونوں ٹیموں سے ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ محمد حفیظ اور شعیب ملک بھی سلیکٹرز کو متاثر نہیں کر سکے۔آل راؤنڈر حسن علی بھی سلیکٹرز کو متاثر نہ کر سکے اور ٹیموں میں جگہ بنانے میں ناکام ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں