Danish_Kaneria

پی سی بی کا سلیم ملک اور دانش کنیریا کو جواب

EjazNews

پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سلیم ملک اور دانش کنیریا کی جانب سے میچ فکسنگ پر اپنے اوپر لگائے گئے تاحیات پابندی ختم کرنے اور دوسرا موقع فراہم کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔پی سی بی کے ایک بیان کے مطابق دانش کنیریا اور سليم ملک نے علیحدہ علیحدہ معاملات پر پاکستان کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا تھا۔دونوں کی درخواستوں کا بغور مطالعہ کرنے اور پھر ان کا جائزہ لینے کے بعد پی سی بی نے دونوں سابق کرکٹرز کو جواب دے ديا ہے۔
دانش کنیریا کی جانب سے تا حیات پابندی معطل کرنے اور کرکٹ بورڈ کی ری ہیب پروگرام میں شامل ہونے کی درخواست پر پی سی بی نے جواب میں کہا ہے کہ آپ پر انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ کے کرکٹ ڈسپلن کميشن نے تاحیات پابندی عائد کر رکھی ہے۔ چونکہ آپ نے جانتے بوجھتے ہوئے میرن ويسٹ فيلڈ کو ڈرہم کے ميچ میں صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے کی ترغيب دی تھی۔
بیان کے مطابق آپ نے اس فیصلے کو کرکٹ ڈسپلنری کميشن کے اپیل پینل کے سامنے چيلنج کيا جہاں اس فیصلے کو برقرار رکھا گيا۔ پھر آپ نے لندن میں ہائی کورٹ کےکمرشل بينچ کے سامنے اپیل کی، جسے خارج کر دیا گيا۔ اس کے بعد آپ نے سول ڈویژن کی عدالت میں اپیل کی، جسے مسترد کر دیا گيا۔پی سی بی کے مطابق بحالی پروگرام کھلاڑيوں کو نااہل ہونے کے متعلقہ ادوار کے اختتام پر پیش کيا جاتا ہے، ناکہ اُن کھلاڑيوں کو جو تاحيات پابندی کا سامنا کر رہے ہوں۔پی سی بی کی جانب سے دانش کنیریا کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس معاملے پر ای سی بی کے اینٹی کرپشن کوڈ کی شق نمبر 6.8 کے مطابق اس معاملے پر ای سی بی سے رجوع کریں۔
سليم ملک کے حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ وہ آئی سی سی کی جانب سے فراہم کردہ اپريل 2000 کے ٹرانسکرپٹ کا جواب دینے میں ناکام رہے۔
آپ نے اپریل 2000 میں ہونے والی ایک گفتگو کے ٹرانسکرپٹ کے مندرجات کا جواب نہ دينے کا انتخاب کیا۔ اس پس منظر میں پی سی بی اس وقت تک مزيد کاروائی نہیں کر سکتا جب تک آپ اس معاملے پر جواب نہیں دے دیتے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹرانسکرپٹ کا جواب دینے سے انکار اور اجتناب اس اعتراف کو تبدیل نہیں کر سکتا جو آپ نے 5 مئی 2014 کو اُس وقت کے چيرمین پی سی بی کے نام لکھے اپنے ایک خط میں کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں:  نسیم شاہ اور شاہین شاہ اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلئے خوب محنت کر رہے :وقار یونس

اپنا تبصرہ بھیجیں