Imran_khan_today_speech

اختیارات کو نچلی سطح پر منتقل کرنے کا حامی ہوں:وزیراعظم

EjazNews

وزیراعظم عمران خان نے لاڑکانہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ18 ویں ترمیم کرنے والوں نے کچھ اہم امور کے بارے میں نہیں سوچا جس پر مسائل کا سامنا ہے، اس لیے نظرثانی کی ضرورت ہے۔18ویں ترمیم کے بعد اختیارات وفاق سے صوبوں کو چلے گئے ہیں۔ اختیارات جس قدر سنٹرلائزڈ رہیں گے مسائل اس قدر زیادہ ہوں گے۔جس قدر آپ اختیارات کو عوام کے قریب لے جائیں گے وہ زیادہ بہتر طور پر بتا سکیں گے کہ ان کو کیا چاہیے۔جتنے آپ فیصلے عوام سے دور رکھیں گے وہ فیصلے غلط ہوں گے۔میں شروع سے ہی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا حامی رہا ہوں۔
ان کا کہنا تھا ہمارا المیہ رہا کہ پہلے مرکزی سسٹم تھا سب کچھ فیڈریشن کے پاس تھا، اٹھارویں ترمیم کے بعد یہ صوبوں کے پاس چلا گیا وہاں سے اسے جانا چاہیے تھا بلدیاتی سسٹم کو، لیکن بات وہاں تک نہیں گئی۔کراچی کے مسائل کی وجہ یہی ہے کہ اختیارات نیچے تک منتقل نہیں ہوئے، فیصلے کہیں اور ہو رہے ہیں۔اگر کسی پارٹی کی مرکزی طاقت کچھ اور ہے تو وہ اسی کو لے کر آگے چلتی ہے۔بالکل اسی طرح پنجاب میں بھی اختیارات نچلی سطح پر منتقل نہیں ہوئے۔ مشرف دور میں بھی بلدیاتی طور پر جو طاقت نیچے منتقل ہوئی وہ بھی2008 کے بعد بننے والی حکومتوں نے واپس لے لی۔2013میں اگر کسی صوبے نے اختیارات نیچے تک منتقل کیے تو وہ کے پی کے تھا جہاں پی ٹی آئی کی حکومت تھی۔اب ہم پاکستانی تاریخ کا بہترین بلدیاتی سسٹم لے کر آ رہے ہیں۔ اس کے تحت ہونے والے الیکشن کے نتیجے میں ایک بہترین لوکل گورنمنٹ سسٹم بنے گا، جس میں پیسہ کسی کے ذریعے نہیں براہ راست ویلج کونسلز کو جائے گا۔تحصیل کونسلز اور شہروں کے ڈائریکٹ انتخابات ہوں گے جن میں ناظم یا میئر منتخب ہوں گے۔کراچی اور لاہور جیسے شہروں کے مسئلے تب تک حل نہیں ہو سکتے جب تک ان کے ڈائریکٹ الیکشنز نہ ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا این ایف سی ایوارڈ کا 65 فیصد صوبوں کو چلا جاتا ہے۔ اس کے بعد سکیورٹی اور قرضوں کی اقساط کے بعد شروع ہوتا ہے وفاق 17 ارب کے خسارے سے، اس لیے سارا فیڈرل بجٹ قرضے لے کر بنتا ہے۔اس سسٹم پر بات کرنے کی ضرورت ہے، اس کا پھر سے جائزہ لینے کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ افسوس ہے بد قسمتی سے کرونا پر بھی سیاست کی جارہی ہے۔ہمارے لیے دہرا مسئلہ ہے لوگوں کو کرونا سے اور بھوک سے بھی بچانا ہے، ڈھائی کروڑ لوگ جو دہاڑی پر ہیں ملک بند کر دیں تو وہ بھوک سے مریں گے۔
وزیراعظم کا صوبوں کے درمیان پانی کی تقسیم کے معاملے پر گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ صوبوں میں پانی کی تقسیم کیلئے ٹیلی میٹری سسٹم لا رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں