coron_viras_pakistan

ملک بھر میں کرونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 1لاکھ 50ہزار سے زائد ہو گئی

EjazNews

ملک میں کرونا وائرس کے نئے کیسز اور اموات کی تصدیق ہوئی۔سرکاری سطح پر اعداد و شمار فراہم کرنے کے قائم کیے گئے ڈیش بورڈ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں 1740 نئے مریض سامنے آئے جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد 55 ہزار 878 ہوگئی۔اس کے علاوہ یہ بھی بتایا گیا کہ صوبے میں مزید 50 اموات بھی رپورٹ ہوئیں اور یہ تعداد ایک ہزار 31 سے بڑھ کر ایک ہزار 81 ہوگئی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کرونا وائرس کی وبا سے مزید 288 افراد متاثر ہوئے جبکہ مزید 5 اموات بھی سامنے آئیں۔
تاہم ملک میں جہاں کرونا وائرس کے کیسز اور اموات کی تعداد بڑھ رہی ہے وہیں اس سے شفاپانے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں دستیاب اعداد و شمار کے مطابق ملک میں مکمل صحتیاب ہونے والوں کی تعداد56 ہزار 390 ہوگئی۔
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز 151208، اموات 2872، صحتیاب 56390، فعال کیسز91946۔
ملک میں کرونا سے اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:
پنجاب 1081، سندھ 886، خیبرپختونخوا 707، بلوچستان 85، اسلام آباد 83،گلگت بلتستان 17، آزاد کشمیر 13۔
اب یہ ایک ایسی صورتحال ہے جو پریشان کن بنتی جارہی ہے۔ ابھی تک اس کی کوئی ویکسین تیار نہیں ہوئی اور یہی کہا جارہا ہے کہ جب تک کوئی ویکسین تیار نہیں ہوتی اس وائرس کے ساتھ ہی زندگی گزارنا ہو گی۔
گزشتہ روز وزیر ترقی و منصوبہ بندی اسد عمر نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ رواں ماہ کے آخر تک ملک میں کیسز 3 لاکھ جبکہ جولائی کے آخر تک 10 سے 12 لاکھ تک پہنچ سکتے ہیں۔
اور جس طرح ملک عزیز میں کیس بڑھ رہے ہیں وفاقی وزیر کی بات سچ ثابت ہوتی نظر آرہی ہے۔ لیکن ہماری دعا ہے کہ ان کی بات سچ ثابت نہ ہو کیونکہ ہمارے ملک کے وسائل کو جس بے دردی سے لوٹا گیا اور شاید لوٹا جارہا ہے اس کے بعد اس مقروض قوم کو جس صورتحال کا سامنا کرنا پڑے گا اس کا سوچ کر بھی دل کانپ اٹھتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں