fawad_noor_ul_haq

چاند کے مطابق پاکستان میں عید اتوار کی ہوگی، وزیر سائنس۔ عید کا فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کرے گی: وزیر مذہبی امور

EjazNews

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ آج سانگھڑ، پسنی، جیونی، بدین اور ٹھٹھہ میں 7 بج کر 36 منٹ سے لے کر 8 بج کر 14 منٹ کے درمیان چاند دیکھا جاسکتا ہے۔ پشاور میں مفتی پوپلزئی نے کل کی عید کا اعلان کیا ہے حالانکہ پشاور میں آج بھی چاند نظر آنے کا کوئی امکان نہیں۔ ملک کو آئین اور قانون کے تناظر میں چلانا ہوتا ہے لیکن مشاہدے میں یہ بات آئی کہ ہم ہر وقت مختلف مذہبی گروہوں کو ایڈجسٹ کرنے کی کوششوں میں لگے رہتے ہیں جس کی وجہ سے وہ فرقہ ورانہ گروہ طاقتور ہوگئے ہیں اور اپنا اپنا حصہ مانگنا شروع کردیتے ہیں۔
وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا کہنا تھا کہ عید پر جو تنازع پیدا ہوتا ہے وہ اس نفاق کا اظہار ہے کہ ریاست کو جن معاملات میں آئین قانون اور عقل کو ترجیح دینی چاہیے اس پر ہم ایڈجسٹ کرنے میں لگے رہتے ہیں۔ مسجد قاسم علی خان پشاور کے شہاب الدین پوپلزئی ہر سال رمضان اورعید کے چاند کا علیحدہ اعلان کرتے ہیں اور رویت ہلال کمیٹی یہ علیحدہ اعلان کرتی ہے حالانکہ چاند دیکھنا ہمارا مسئلہ نہیں رہ گیا۔کیونکہ اب تو یہ مرحلہ آگیا ہے کہ سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ وہ جو مشنز چاند پر روانہ کریں گے وہ زیادہ عرصے تک چاند پر رہ سکیں گے اور کئی لوگ عید بھی چاند پر مناسکیں گے۔جو افراد یہ کہتے ہیں کہ اسلام کا سائنس، ٹیکنالوجی، علم سے کوئی تعلق نہیں ہم ان کی اس کی دلیل کو مسترد کرتے ہیں، اسلام علم اور عقل کا دین ہے اور احادیث کی روشنی میں اسلام مستقبل میں دیکھنے والا دین ہے جبکہ قرآن تمام علوم کا ماخذ ہے اس لیے میں یہ بات مسترد کرتا ہوں چاند کی رویت کا ٹیکنالوجی سے تعلق نہیں۔

کیا چاند کا مسئلہ حل ہو جائے گا؟

وزیر سائنس نے بتایا کہ ہم نے چاند کے حوالے سے ایک کمیٹی تشکیل دی جس میں اسپیس ٹیکنالوجی کے سائنسدانوں، ریاضی دانوں، محکمہ موسمیات کو شامل کیا اور علما کی رائے بھی لی گئی اور طریقہ کار وضع کیا۔ پاکستان میں 8 رصد گاہیں ہیں ان میں کراچی، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، لاہور، گلگت بلتستان، مظفرآباد اور جیونی میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ آج غروب آفتاب کے وقت چاند کی عمر 20 گھنٹے ہوگی اور دنیا کے تمام ممالک کل عید منا رہے ہیں اور ہماری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے مطابق بھی پاکستان میں کل عید منائی جانی ہے تاہم محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ موسم کی خرابی کے باعث چاند نہیں دیکھا جاسکتا۔

قرآن اور رویت ہلال کے احکام

وزیرسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے بیان کے بعد وفاقی وزیر شرعی امور نور الحق قادری کا بیان سامنے آیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ عید کا شرعی فیصلہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کراچی میں کرے گی اور کمیٹی کے فیصلے کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت عید منائے گی۔ شریعت اور دین چاند کی رویت اور شہادت پر اعتماد کرتی ہے، شہادت اور رویت کے لیے سائنس اور جدید آلات کی معاونت لی جا سکتی ہے۔وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے نمائندے کو بھی اس دفعہ مرکزی کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری میرے اچھے دوست ہیں لیکن آج کل وہ چاند، چاند کھیل رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں