یقین دلاتا ہوں حکومت نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی:وزیراعظم عمران خان

imran-khan-pti

وزیر اعظم عمران خان نےاسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ‘پوری دنیا میں جو بڑے کام ہوتے ہیں وہ آئیڈیاز کی بنیاد پر ہی ہوتے ہیں، اچھے سے اچھے آئیڈیاز والے لوگ اس لیے کامیاب نہیں ہوتے کیونکہ وہ راستے میں ہی ہار مان جاتے ہیں اور خوفزدہ ہوجاتے ہیں کہ لوگ کیا کہیں گے اور ناکامیوں سے ڈرتے ہیں۔کامیاب انسان وہ ہوتا ہے جو آئیڈیاز کے پیچھے کشتیاں جلا کر جاتا ہے اور واپس نہ جانے کا فیصلہ کر لیتا ہے، جب آپ ہار نہیں مانتے اور بار بار کوشش کرتے ہیں اور اپنی غلطیوں سے سیکھتے ہیں تو مضبوط ہوجاتے ہیں اور اپنے مشن کے قریب پہنچ جاتے ہیں۔ اسٹارٹ اَپس لانے والے وہ لوگ ہیں جن میں اپنے آئیڈیاز کے پیچھے جانے کا حوصلہ ہے اور وہ معاشرہ جو ایسے لوگوں کی مدد اور حوصلہ افزائی کرتا ہے وہ آگے بڑھتا ہے، زوال پذیر معاشرہ کبھی ایسے لوگوں کی حوصلہ افزائی نہیں کرتا۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا کے کامیاب ترین انسان حضورﷺ تھے کامیاب انسان ایک مشکل وقت سے گزر کر کامیاب ہوتا ہے جس دن زندگی میں جدوجہد ختم ہوتی ہے زندگی نیچے چلی جاتی ہے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا اللہ نے انسان کو جو طاقت دی ہے وہ پوری زندگی میں اس طاقت کا 4 فیصد بھی استعمال نہیں کرتا اس لیے کیونکہ انسان ڈرتا ہے، تجربات اور ناکامیوں سے خوفزدہ ہوتا ہے، یہ خوف ہی ہوتا ہے جو انسان کو اس کی اصل طاقت کے استعمال سے اسے روکتا ہے۔ زندگی اور موت اللہ نے اپنے ہاتھ میں رکھی ہے، عزت اور ذلت دینے والی ذات بھی اللہ کی ہے لہٰذا شام کو میڈیا پر آکر عمران خان سے متعلق جو مرضی کہو عزت اللہ دینے والا ہے۔ نئی چیز، نئے راستے اور نئی سوچ آزاد ذہن رکھنے والے رکھتے ہیں، غلام ذہن تو پیچھے پیچھے چلتا ہے، آزاد انسان اپنے راستے بناتا ہے اور بڑے کام کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا بھر میں جو کام ہوئے ان کے پیچھے پہلے آئیڈیاہی ہوتے ہیں۔میرے پاس بہت لوگ آتے ہیں سرکاری نوکری دے دیں،پوچھتا ہوں کیوں سرکاری نوکری چاہیے، کہتے ہیں فکس تنخواہ ملے گی اور پنشن ملے گی، تنخواہ اور پنشن والی نوکری کا مطلب اپنی صلاحیتوں کو تباہ کرنا ہے۔ہمیں اللہ نے بہت کچھ دیا ہے، کسی چیز کی کمی نہیں رکھی، ہمارا سب سے بڑا ثاثہ نوجوان ہیں۔ دنیا آئی ٹی اور ٹیکنالوجی کی طرف جارہی ہے،ہم نے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنی ہے ۔ یقین دلاتا ہوں حکومت نوجوانوں کی بھرپور حوصلہ افزائی کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں