گھر یا کچن میں ٹائلز لگانے کیلئے ٹائلز کا انتخاب بہت ضروری ہے

Tiles_for_home

ایک زمانہ تھا جب کچن میں سیمنٹ ٹائلز استعمال کرنے کو فیشن سمجھا جاتا تھا، تاہم اب کوئی غلطی سے بھی کچن میں سیمنٹ ٹائلز استعمال کرنا پسند نہیں کرتا۔ اب ہر کام ٹھیکیدار یا مستریوں پر سو فیصد اگر چھوڑ دیا جائے تو گھر میں رہنے کے کچھ عرصہ بعد پتہ چلتا ہے کہ ہم نے کتنی بڑی غلطی کر دی ۔اس بات میں کوئی شبہ نہیں کہ گھر کی تعمیر میں ٹائلز کا کردار اہم ہوتا ہے۔ تاہم اگر کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ ٹائلز کا انتخاب صرف خوبصورتی کی بنیاد پر کیا جاتا ہے تو وہ بالکل غلط ہیں۔ دراصل، ٹائلز کا انتخاب خوبصورتی سے زیادہ اس کے مؤثر استعمال کی مناسبت سے کیا جاتا ہے۔
ٹائلز کے انتخاب میں جمالیاتی نقطۂ نظر کے ساتھ اس کی افادیت بھی نظرانداز نہیں کی جاسکتی۔ یہی وہ بات ہے، جہاں ہماری پسند اور جگہ کی مناسبت سے درست ٹائل کے انتخاب میں ٹکراؤ دیکھا جاتا ہے۔ غلط جگہ پر غلط ٹائل لگانے سے بہتر ہے کہ فیصلہ کرنے میں جلدبازی سے کام نہ لیں اور ٹائلز منتخب کرنے سے پہلے کہاں او رکس مقصد کے لیے جیسے سوالات کو مدنظر رکھیں۔ ان سوالات کے جواب حاصل کرنے کے بعد کلر سکیم اور ٹیکسچر کا سوچیں۔ ایک بار سوچ بچار اور ان چیزوں کا فیصلہ کرنے کے بعد باقی کام آپ کے لیے کافی آسان ہوجائیں گے۔
جس جگہ آپ ٹائلز استعمال کرنے جارہے ہیں، اس کی مناسبت سے آپ کیلئے ٹائلز کا انتخاب نسبتاً آسان ہوجائے گا۔ باتھ روم اور کچن کی دیواروں کے لیے واٹر پروف مٹیریل، جیسے سرامک یا گلاس کی ضرورت پڑتی ہے، تاہم آپ پتھر کی ٹائلز کی کچھ اقسام کا انتخاب بھی کرسکتے ہیں، جو زیادہ نمی والی جگہوں پر دیرپا ثابت ہوتی ہیں۔ فرش کے لیے زیادہ مضبوط مٹیریل جیسے سرامک یا پورسلین بہتر انتخاب ثابت ہوتے ہیں۔
ہموار یا چمکیلی ٹائلز کے مقابلے میں ٹیکسچرڈ یا میٹ والی ٹائلز کم پھسلنے والی ہوتی ہیں اور یہ بات اس وقت خاص طور پر یاد رکھنے والی ہوتی ہے، جب آپ باتھ روم، کچن یا کسی ایسی جگہ کے لیے ٹائل کا انتخاب کررہے ہوں، جہاں نمی کے امکانات زیادہ رہتے ہوں۔ مزید برآں، ٹیکسچر کا بھی اپنا ایک جمالیاتی حسن ہوتا ہے۔

ٹائلز ڈیزائنگ بھی ہے اور ان کا صحیح استعمال آرٹ ہے

بڑے سائز کی فلور ٹائلز کو استعمال کرکے کمرے کے سائز کو بڑا دکھایا جاسکتا ہے، کیونکہ ایسا کرنے سے ٹائلز کو جوڑنے والی گراؤٹ لائنز کم نمایاں ہوتی ہیں۔ اسی طرح سنک کے آس پاس اور باتھ روم میں چھوٹے سائز کی ٹائلز زیادہ جچتی ہیں۔
ٹائل گراؤٹ سے مراد ٹائل کِریس ہے، جہاں پر ہر ٹائل دوسرے ٹائل سے کسی کیمیکل کے ذریعے جوڑی جاتی ہے۔ گراؤٹ میں ٹائل کے رنگ کے قریب ترین رنگ کے کیمیکل کا استعمال کیا جاتا ہے تاکہ وہ ٹائل کا ہی حصہ لگے یا پھر ٹائل کے برعکس کسی اور رنگ کا گراؤٹ ہر ٹائل کو انفرادی طور پر نمایاں کرتا ہے۔ ہمارا مشورہ یہ ہے کہ گراؤٹ کو اپنے ڈیزائن کا حصہ بنائیں، اسے آخری وقت کے فیصلے کے لیے نہ چھوڑیں۔ درست رنگ کا گراؤٹ آپ کے کمرے کو ایک مختلف زاویہ دے سکتا ہے۔
قدرتی پتھر کا شمار سخت ترین مٹیریل میں ہوتا ہے۔ کچھ قدرتی پتھر جیسے ماربل قدرے نرم ہوتا ہے اور ٹائل کے مقابلے میں زیادہ جاذب ہوتا ہے۔ سنک اور بیسن کے ارد گرد، فرش، لکڑی کے پاس اور ٹب کے ارد گرد قدرتی پتھر کا استعمال مؤثر رہتا ہے۔
سرامک اور پورسلین سے تیار کردہ ٹائلز کو صاف ستھرا رکھنا دیگر ٹائلز کے مقابلے میں آسان ہے۔ ہمارا طرززندگی کچھ ایسا بن گیا ہے کہ ہم ایسی چیزیں استعمال کرنا پسند کرتے ہیں، جن میں مرمت کی ضرورت کم سے کم پڑے۔ سرامک اور پورسلین کا دوسرا فائدہ یہ ہے کہ ان میں تمام طرح کے ڈیزائن مل جاتے ہیں، جو ماربل، گرینائٹ، لکڑی اور سٹیل سے ملتے جلتے ہوتے ہیں۔ مزید برآں، یہ مضبوط، پانی اور زنگ کے خلاف مدافعت رکھنے والی اور فائر پروف ہوتی ہیں۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ گھر میں کئی سال تک رہنے کے بعد بھی اس کی ٹائلز نئی جیسی نظر آئیں تو پھر آپ کو کسی اور مٹیریل کی جانب دیکھنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ٹائلز اب جدید فیشن کی دنیا میں بسیرا کر چکی ہے۔ لیکن ان کا انتخاب کرنا بھی ایک فن مہارت بن چکا ہے کیونکہ مارکیٹ میں آپ کو اس قدر ورائٹی دستیاب ہوتی ہے کہ آپ کی قوت فیصلہ جواب دے جاتی ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس آرٹیکل کو ترتیب دیا گیا ہے کہ جب آپ ٹائلز کا انتخاب کریں تو آپ کے پاس کچھ مفید معلومات ضرور ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں