مصالحے غذا بھی ہیں اور صحت کے ضامن بھی

organic-health

برصغیر پاک و ہند میں مصالحے صدیوں سے استعمال ہو رہے ہیں ۔اسی خطے سے مصالحے پوری دنیا میں بھیجے جاتے رہے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اس خطے میں صدیوں سے اس کی افادیت سے فائدہ اٹھایا جارہا ہے۔یہ مصالحے ایلو پیتھک ادویات کی طرح آپ کے جسم پر کسی قسم کے سائیڈ افیکٹ بھی نہیں کرتے ۔ بس آپ کو معلوم یہ ہونا چاہیے کہ کس مسئلے کیلئے کیا استعمال کرنا ہے۔ تو آئیے اس میں ہم آپ کی کچھ رہنمائی کرتے ہیں۔
سردی لگنے کی شکایت ہو تو:
دار چینی پیس کر صاف بوتل میں بھر لیں، تھوڑا سا پسا ہوا ادرک، صرف آدھا چمچہ (چائے کا) شہد کے ساتھ یہ پائوڈر ملا کر چائے تیار کر لیں ذائقہ کے لئے آدھا لونگ ، پودینہ کا ایک پتہ اور تھوڑی سی کالی مرچ پسی ہوئی ملا کر پئیں یہ کھانسی اور بخار کا بہت عمدہ توڑ ہے ۔ کھانسی زیادہ ہو تو دن میں دو مرتبہ ورنہ نہار منہ ایک کپ پینا فائدہ دیتا ہے۔
خشک کھانسی کا ٹوٹکا:
ہلدی کی تھوڑی سی مقدار کو ایک چمچہ شہد میں ملا کر کھالیں فوراً پانی نہ پئیں اور وقتاً فوقتاً دار چینی کے چھوٹے چھوٹے ٹکڑے چبائیں نہ پسند ہو تو ٹکڑے کو چوس کر ضائع کر دیں۔
ناک بند ہوتوکیا کیا جائے؟
بند ناک اور سینے پہ جما ہوا بلغم بہت تکلیف دیتا ہے آسان حل یہ ہے کہ ا جوائن کو پیس کر ایک ململ یا کاٹن کے کپڑے میں پوٹلی میں رکھ لیں اور اس پوٹلی کے قریب جا کر سانس لیں بند ناک کھل جائے گی۔ اجوائن کے سفوف کی چائے بنا کر گرم گرم پئیں افاقہ ہوگا۔
دکھتے ہوئے گلے کا علاج کیونکر ممکن ہے؟:
ایک گلاس گرم پانی میں سفید زیرہ اور سونٹ بھگو کر کھ دیں یا مائیکرو ویو اوون میں دونوں چیزیں ڈال کر پانی پکالیں اور دن میں دوبار وقفہ وقفہ سے پئیں۔ یہ سردیوں کے موسم میں خراب گلے کا مناسب ٹوٹکا ہے۔
اجوائن سے استھیما کا علاج کیجئے:
ایک مگ بھر کر پانی ابالیں اور تھوڑی سی اجوائن ڈا ل کر اسٹیم لے لیں بند ناک اس طرح کھلے گی اور سانس کی نالی کی بندش جاتی رہے گی، پسلیوں کے چلنے کی شکایت بھی دور ہوگی۔
کمر کے درد کا نسخہ:
ادرک کو باریک پیس لیں اور اس سے کمر کے درد کی شکایت میں نرم ہاتھوں سے مساج کرنا فائدہ دیتا ہے۔
لہسن اور بلڈ پریشر کا علاج:
بلڈ پریشر کا کوئی بھی علاج کرائیں لیکن نہار منہ ایک سے دو جوئے لہسن سادہ پانی کے ساتھ کھانا عادت بنالیں تو بہت جلد بلند فشار خون (بلڈ پریشر) کو نارمل سطح پر آنے میں مدد ملے گی۔
اسی طرح شہد کھانے کے ایک چمچے کے برابر لے کر اتنی ہی مقدار میں پسا ہوا ادرک اور پسا ہوا زیرہ ملا کر بوتل میں محفوظ کر لیں یہ بھی ہائی بلڈ پریشر میں مفید نسخہ ہے۔
آدھے سر کا درد کیسے دور کریں؟:
عام سر کا درد ہو یا آدھے سر کا، کالی مرچ کا سفوف بنالیں یعنی پیس لیں۔ ایک پیالی دودھ میں چٹکی بھر نمک اور پسی ہوئی کالی مرچ ملا کر چند روز تک پینے سے یہ شکایت جاتی رہتی ہے۔درد زیادہ ہونے کی صورت میں معالج سے مشورہ کر لیں۔
ہلدی زخموں کااندمال:
کہیں کٹ لگ جائے یا چوٹ، دودھ میں ہلدی ڈال کر پینے سے اندرونی چوٹ اور زخم ٹھیک ہو جاتے ہیں اور بیرونی چوٹ کے لئے بھی ہلدی پائوڈر کو سادے پانی میں ملا کر لگانے سے خون رسنا بند ہو جاتا ہے ۔ یہ بہترین اینٹی سیپٹک ہے۔ ہلدی کا لیپ لگا کر پٹی باندھ لینے سے زخم بگڑتا نہیں ہے۔
اس کے علاوہ ہلدی شریانوں کی صحت کے لئے بھی اتنی ہی اکسیر ہے جتنی کہ زخموں کے تریاق کے لئے مفید ہو سکتی ہے۔ یہ خون کو پتلا کرتی ہے ۔ خون کی ترسیل اور روانی میں مدد دیتی ہے اور دل کے دورے اور اسٹروک وغیرہ سے بچاتی ہے۔ اس لئے کھانوں میں اس کا استعمال کرنا مفید ہے۔ رات کو سوتے وقت دودھ میں ہلدی ملائیں اور پی لیں دل اور معدے کی کئی الجھنوں سے بچے رہیں گے۔
بدہضمی کی عام شکایات ہو ں یا السر، ہلدی کا استعما ل کرنے والے ان امراض کی شدت میں مبتلا نہیں رہتے۔ آپ کو حیرت ہوگی کہ کئی ہزار برسوں سے خواتین دودھ میں ہلدی ملا کر استعمال کرتی چلی آرہی ہیں۔
دھنیے کے فوائد:
ایک گلاس سادہ پانی میں دو چائے کے چمچ پسا ہوا دھنیا ملا کر ہلکا سا ابال لیں اور کمرے کے درجہ حرارت میں رکھ کر ٹھنڈا کرلیں۔ دن میں دو یا تین مرتبہ اسے پئیں۔ تازہ دھنیا بھی استعمال کریں اور سورج مکھی بیجوں کو مختلف شکلوں میں استعمال کریں ۔یہ بیج Linoleic acid کی مقدار بڑھاتے ہیں اور دل کی شریانوں کی تنگی کو دور کرتے ہیں۔
قے ہو جانے پر فوری طور پر کیا کیا جائے؟:
چھوٹی الائچی کے چند دانوں کو توے پر ہلکا سا بھون لیں اور پھر اسے کوٹ لیں ،تھوڑا سا شہد ملا کر مریض کو دیں یا پودینے کا عرق نکال لیں اور ایک چائے کے چمچ کے برابر لیموں کا جوس ملا کر پلا دیں۔ ا گر ادرک کا پیسٹ موجود ہو تو چٹکی بھر شہد کے ساتھ کھلا دیں۔ دونوں صورتوں میں فائدہ ہوگا ۔مالٹے اور سنگترے کا جوس بھی یہی تاثیر رکھتا ہے یا ایک بھرے ہوئے گلاس میں آدھا چمچہ شہد ملا کر پینے سے بھی متلی کی کیفیت زائل ہو جاتی ہے۔
ادرک کی چائے:
جن شہروں یا ملکوں میں شدید سردی پڑتی ہے وہاں ادرک کی چائے پینا مفید رہتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں